عقیل نعمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر ایک کی ہر پسند ٹھہرے ہر ایک کا انتخاب نکلے (غزل)
ہر ایک کی ہر پسند ٹھہرے ہر ایک کا انتخاب نکلے
ہمی کو اچھا بتایا سب نے ہمی زیادہ خراب نکلے
سوال تھا اس طرف انا کا وقار کا مسئلہ ادھر تھا
نہ در پہ خانہ خراب پہنچے نہ گھر سے عالی جناب نکلے
کئی اداؤں نے گدگدایا کئی نگاہوں نے دستکیں دیں
یہ واقعے دل نشیں بہت تھے مگر حقیقت میں خواب نکلے
سنی اندھیروں کی سگبگاہٹ تو شام یادوں کی کہکشاں سے
چھپے ہوئے ماہتاب نکلے بجھے ہوئے آفتاب نکلے
میں مطمئن ہوں کہ لب کشائی سے میں نے حد ادب نہ توڑی
وہ اس پہ خوش ہے کہ آج اس کے سوال سب لا جواب نکلے
نہ آئے لب پہ تو کاغذ پہ لکھ دیا جائے (غزل)
نہ آئے لب پہ تو کاغذ پہ لکھ دیا جائے
کسی خیال کو مایوس کیوں کیا جائے
کسی پہ مٹنے مٹانے سے فائدہ کیا ہے
مزہ تو جب ہے کسی کے لئے جیا جائے
وہ دیکھتا ہے وضاحت طلب نگاہوں سے
میں چاہتا ہوں اشارہ سمجھ لیا جائے
یہ سوچ کر کہ اکیلے سفر پہ جانا ہے
یہ چاہتا ہوں سفر ملتوی کیا جائے
نظر بچائے گزر جاؤں پاس سے اس کے
اسے بھی آج ذرا سا ڈرا دیا جائے
ہیں میکدے بھی کھلے اور چائے خانے بھی
چلو عقیلؔ کہیں چل کے کچھ پیا جائے