انور صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ڈبوئے دیتا ہے خود آگہی کا بار مجھے (غزل)
ڈبوئے دیتا ہے خود آگہی کا بار مجھے
میں ڈھلتا نشہ ہوں موج طرب ابھار مجھے
اے روح عصر میں تیرا ہوں تیرا حصہ ہوں
خود اپنا خواب سمجھ کر ذرا سنوار مجھے
بکھر کے سب میں عبث انتظار ہے اپنا
جلا کے خاک کر اے شمع انتظار مجھے
صدائے رفتہ سہی لوٹ کر میں آؤں گا
فراز خواب سے اے زندگی پکار مجھے
عذاب یہ ہے کہ مجھے جیسے پھول اور بھی ہیں
صلیب شاخ سے دست خزاں اتار مجھے
غریب شہر نوا ہی سہی مگر یارو
بہت ہے اپنی ہی آواز کا دیار مجھے
میری نظر کے لیے کوئی روایت نہ تھی (غزل)
میری نظر کے لیے کوئی روایت نہ تھی
سب کی طرح دیکھنا جبر تھا عادت نہ تھی
ایسا لگا جیسے میں منظر مانوس تھا
اس کی نگاہوں میں کل شوخیٔ حیرت نہ تھی
میرے شب و روز تھے میری صدی کی طرح
کون سا لمحہ تھا وہ جس میں قیامت نہ تھی
پیرہن جسم و جاں زخم ستم تھا تمام
کیسا ستم گر تھا وہ کوئی جراحت نہ تھی
کب کسی دیوار سے سیل تمنا رکا
گرم لہو کی کبھی کوئی شریعت نہ تھی
کتنے سبک دل ہوئے تجھ سے بچھڑنے کے بعد
ان سے بھی ملنا پڑا جن سے محبت نہ تھی