انش پرتاپ سنگھ غافل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مانا کہ زندگی میں کچھ اچھا نہیں کیا (غزل)
مانا کہ زندگی میں کچھ اچھا نہیں کیا
لیکن ضمیر کا کبھی سودا نہیں کیا
رسوا ہوئے ہیں خود اسے رسوا نہیں کیا
چپ چاپ کھائے زخم تماشہ نہیں کیا
سجدے میں جب جھکایا تو دل سے جھکایا سر
ہم نے وفا کی راہ میں دھوکا نہیں کیا
شاید تراش کر مجھے مورت بنائے وہ
پتھر سے خود کو اس لئے شیشہ نہیں کیا
توڑے ہیں جام تارے گنے بدلی کروٹیں
آ دیکھ تیری یاد میں کیا کیا نہیں کیا
ڈستے ہیں سارے خواب جو بچپن میں دیکھے تھے
غافلؔ جوانی میں جنہیں پورا نہیں کیا
اب دل کو تم سے کوئی بھی شکوہ نہیں رہا (غزل)
اب دل کو تم سے کوئی بھی شکوہ نہیں رہا
یعنی ہمارے بیچ کا رشتہ نہیں رہا
بچپن گزارتے ہیں مشقت کے ساتھ وہ
جن کے سروں پہ باپ کا سایا نہیں رہا
جب تک نہ ان کی دید ہو کیسے غزل کہوں
میرے خیال میں کوئی مصرع نہیں رہا
صیاد تیرے ظلم کی اب انتہا ہوئی
خالی قفس بچا ہے پرندہ نہیں رہا
آواز دے رہا ہے مجھے بار بار کیوں
اس کو خبر کرو کہ میں زندہ نہیں رہا
خلوت میں میرے ساتھ ہی رہتا ہے تو صنم
تیرے بغیر میں کہیں تنہا نہیں رہا
الفت میں اپنے یار کی غافلؔ ہوں اس قدر
میرا اب اس جہان سے رشتہ نہیں رہا