پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انجم نیازی کی غزلیں — Anjum Niyazi Ghazals

انجم نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی اپنی قرینے سے بسر ہوتی نہیں (غزل)

زندگی اپنی قرینے سے بسر ہوتی نہیں

مختصر کرتا ہوں لیکن مختصر ہوتی نہیں

دے گیا تاریکیاں اتنی وہ اہل شہر کو

سر پہ سورج آ گیا پھر بھی سحر ہوتی نہیں

پہلے اپنے ساتھ چلتے تھے ستارے شوق سے

اب تو اپنی روشنی بھی ہم سفر ہوتی نہیں

اس طرح چپ چاپ میرے پاس آ جاتے ہیں لوگ

گھر کے دروازے کی چوکھٹ کو خبر ہوتی نہیں

ہر اک لمحہ مجھے ٹھہرا ہوا محسوس ہوتا ہے (غزل)

ہر اک لمحہ مجھے ٹھہرا ہوا محسوس ہوتا ہے

مجھے سارا جہاں اک رتجگا محسوس ہوتا ہے

سنائی کچھ نہیں دیتا دکھائی کچھ نہیں دیتا

مگر چاروں طرف اک جمگھٹا محسوس ہوتا ہے

ترا ہی نام لیتا ہوں تو پھر مجھ کو وجود اپنا

ہواؤں پر لکھا حرف دعا محسوس ہوتا ہے

مری پلکوں پہ شبنم گر رہی ہے نیند کی لیکن

مجھے ہر ایک سایہ جاگتا محسوس ہوتا ہے

ہزاروں سال پہلے کی شناسائی نہیں بھولا

مجھے ہر آدمی دیکھا ہوا محسوس ہوتا ہے

مجھے اپنا ہی قد لگتا ہے کیوں اونچا پہاڑوں سے

مجھے اپنا یہ سایہ کیوں بڑا محسوس ہوتا ہے

نہ جانے کون سی منزل پہ آ ٹھہرا ہوں میں انجمؔ

جہاں ہر ایک سناٹا صدا محسوس ہوتا ہے

مزید غزلیں از انجم نیازی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں