پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انجم مانپوری کی غزلیں — Anjum Manpuri Ghazals

انجم مانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل بھر آیا پھر بھی راز دل چھپانا ہی پڑا (غزل)

دل بھر آیا پھر بھی راز دل چھپانا ہی پڑا

سامنے اس بد گماں کے مسکرانا ہی پڑا

وہ جو روٹھے میں نے بھی کھا لی نہ ملنے کی قسم

پھر نہ دل مانا تو خود جا کر منانا ہی پڑا

اف ری مجبوری مزاج یار میں ہو کر دخیل

راز داں خود اپنے دشمن کو بنانا ہی پڑا

مجھ کو فصل گل میں تیور دیکھ کر صیاد کے

آشیانہ چھوڑ کر گلشن سے جانا ہی پڑا

ضبط کا یارا نہیں صیاد کا بھی ہے خیال

نالہ‌‌ٔ دل سوز کو نغمہ بنانا ہی پڑا

روکتے کب تک تقاضائے تلافیٔ ستم

سر جھکائے شرم سے میت پہ آنا ہی پڑا

آج انجمؔ مسکرا کر اس نے پھر دیکھا مجھے

شکوۂ جور و جفا پھر بھول جانا ہی پڑا

واعظ کی کڑوی باتوں کو کب دھیان میں اپنے لاتے ہیں (غزل)

واعظ کی کڑوی باتوں کو کب دھیان میں اپنے لاتے ہیں

یہ رند بلا نوش ایسے ہیں سنتے ہیں اور پی جاتے ہیں

ہم آپ سے جو کچھ کہتے ہیں وہ بالکل جھوٹ غلط اک دم

اور آپ جو کچھ فرماتے ہیں بے شبہ بجا فرماتے ہیں

دیوانہ سمجھ کر چھیڑ کے وہ سنتے ہیں ہماری باتوں کو

ہم مطلب کی کہہ جاتے ہیں وہ سوچ کے کچھ رہ جاتے ہیں

مجبور محبت کی حالت بیگانۂ الفت کیا جانے

ہم غیروں کے طعنے سنتے ہیں اور سن کر چپ رہ جاتے ہیں

گردن ہے جھکی نظریں نیچی اور لب پہ ہے ان کے تبسم بھی

ہے قابل دید وہ شوخی بھی جس وقت کہ وہ شرماتے ہیں

بے ہوش پڑے ہیں عشق میں اور سر ہے کسی کے زانو پر

تدبیریں لاکھ کرے کوئی اب ہوش میں ہم کب آتے ہیں

کام انجمؔ کا جو تمام کیا یہ آپ نے واقعی خوب کیا

کم بخت اسی کے لائق تھا اب آپ عبث پچھتاتے ہیں

مزید غزلیں از انجم مانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں