پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انجلی صفر کی غزلیں — Anjali Sifar Ghazals

انجلی صفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محنت کے رستے پر چلنے سے ہیں عاجز آئے لوگ (غزل)

محنت کے رستے پر چلنے سے ہیں عاجز آئے لوگ

اوروں کی سیڑھی پر بیٹھے اپنی نظر گڑائے لوگ

آنے والے کل کو کیسے دیکھیں گے جب پھرتے ہیں

ماضی کی تصویروں کو ہر کھڑکی پر چپکائے لوگ

دور ہے کیسا شاخوں سے ہی پنچھی سہمے سہمے ہیں

اپنے ہی سائے سے اب تو رہتے ہیں گھبرائے لوگ

بن سوئے ہر رات بتا دیتے ہیں آنکھوں آنکھوں میں

اچھے دن کے سپنوں کا پلکوں پر بوجھ اٹھائے لوگ

اپنے سکھ کی خاطر پہلے کاٹیں بے بس پیڑوں کو

پھر جب چھاؤں نہیں ملتی ہے کرتے ہائے ہائے لوگ

ہو پر زور ارادہ تو منزل پا لیتے ہیں اک دن

جگنو کے سائے میں چل کر سورج کے ٹھکرائے لوگ

اپنے دکھ کی آنچ میں جلنا سمجھ صفرؔ کو آتا ہے

سمجھ نہ پائے پر دوجوں کے سکھ سے کیوں جھلائے لوگ

سب کو اس دہر میں آنا ہے چلے جانا ہے (غزل)

سب کو اس دہر میں آنا ہے چلے جانا ہے

اپنا کردار نبھانا ہے چلے جانا ہے

زندگی نے جو سکھایا ہمیں لمحہ لمحہ

ایک لمحے میں بھلانا ہے چلے جانا ہے

کس کو معلوم ہے کب سانس کی لے پر ہم کو

آخری گیت سنانا ہے چلے جانا ہے

وقت رخصت یہ گلہ کیسا شکایت کیسی

کچھ نہ سننا نہ سنانا ہے چلے جانا ہے

لوٹ کر آتا نہیں جس سے مسافر کوئی

سب کو اس موڑ پہ آنا ہے چلے جانا ہے

بے رخی نے تری کیا حال کیا ہے میرا

اک نظر تجھ کو دکھانا ہے چلے جانا ہے

آخری لمحہ مجھے ایسے بتانا ہے صفرؔ

تیرے پہلو میں سمانا ہے چلے جانا ہے

مزید غزلیں از انجلی صفر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں