امرت لعل عشرت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اداس دل ہے کہ ان کی نظر نہیں ہوتی (غزل)
اداس دل ہے کہ ان کی نظر نہیں ہوتی
بغیر شمس کے تاب قمر نہیں ہوتی
کچھ ایسے لوگ بھی دنیا میں ہم نے دیکھے ہیں
سما بھی جاتے ہیں دل میں خبر نہیں ہوتی
اٹھو تو دست بہ ساغر چلو تو شیشہ بہ دوش
یہ مے کدہ ہے یہاں یوں گزر نہیں ہوتی
کبھی کبھی مجھے ان کا خیال آتا ہے
کبھی کبھی مجھے اپنی خبر نہیں ہوتی
شب حیات ہے ساغر میں ڈوب جا عشرتؔ
یہ ایسی رات ہے جس کی سحر نہیں ہوتی
قدم قدم پہ ہمیں رنگ و بو کا دھوکا ہے (غزل)
قدم قدم پہ ہمیں رنگ و بو کا دھوکا ہے
خزاں نصیب رفیقو یہ دور کیسا ہے
جو تو کہے اسے چھو کر ذرا یقیں کر لوں
تری جبیں پہ مجھے چاندنی کا دھوکا ہے
مری نگاہ نے بخشی ہے حسن کو رونق
نسیم صبح سے پھولوں کا رنگ بکھرا ہے
بنائے شعر ہے میرا مشاہدہ عشرتؔ
مرے کلام میں ہر دل کا درد ہوتا ہے
مزید غزلیں از امرت لعل عشرت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں