پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی سردار جعفری کی غزلیں — Ali Sardar Jafri Ghazals

علی سردار جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کام اب کوئی نہ آئے گا بس اک دل کے سوا (غزل)

کام اب کوئی نہ آئے گا بس اک دل کے سوا

راستے بند ہیں سب کوچۂ قاتل کے سوا

باعث رشک ہے تنہا رویٔ رہ رو شوق

ہم سفر کوئی نہیں دورئ منزل کے سوا

ہم نے دنیا کی ہر اک شے سے اٹھایا دل کو

لیکن ایک شوخ کے ہنگامۂ محفل کے سوا

تیغ منصف ہو جہاں دار و رسن ہوں شاہد

بے گنہ کون ہے اس شہر میں قاتل کے سوا

جانے کس رنگ سے آئی ہے گلستاں میں بہار

کوئی نغمہ ہی نہیں شور سلاسل کے سوا

میں جہاں تم کو بلاتا ہوں وہاں تک آؤ (غزل)

میں جہاں تم کو بلاتا ہوں وہاں تک آؤ

میری نظروں سے گزر کر دل و جاں تک آؤ

پھر یہ دیکھو کہ زمانے کی ہوا ہے کیسی

ساتھ میرے مرے فردوس جواں تک آؤ

حوصلہ ہو تو اڑو میرے تصور کی طرح

میری تخئیل کے گلزار جناں تک آؤ

تیغ کی طرح چلو چھوڑ کے آغوش نیام

تیر کی طرح سے آغوش کماں تک آؤ

پھول کے گرد پھرو باغ میں مانند نسیم

مثل پروانہ کسی شمع تپاں تک آؤ

لو وہ صدیوں کے جہنم کی حدیں ختم ہوئیں

اب ہے فردوس ہی فردوس جہاں تک آؤ

چھوڑ کر وہم و گماں حسن یقیں تک پہنچو

پر یقیں سے بھی کبھی وہم و گماں تک آؤ

اسی دنیا میں دکھا دیں تمہیں جنت کی بہار

شیخ جی تم بھی ذرا کوئے بتاں تک آؤ

ہمچو سبزہ بارہا روئیدہ ایم (نظم)

ہمچو سبزہ بارہا روئیدہ ایم

(رومیؔ)

پھر اک دن ایسا آئے گا

آنکھوں کے دئیے بجھ جائیں گے

ہاتھوں کے کنول کمھلائیں گے

اور برگ زباں سے نطق و صدا

کی ہر تتلی اڑ جائے گی

اک کالے سمندر کی تہ میں

کلیوں کی طرح سے کھلتی ہوئی

پھولوں کی طرح سے ہنستی ہوئی

ساری شکلیں کھو جائیں گی

خوں کی گردش دل کی دھڑکن

سب راگنیاں سو جائیں گی

اور نیلی فضا کی مخمل پر

ہنستی ہوئی ہیرے کی یہ کنی

یہ میری جنت میری زمیں

اس کی صبحیں اس کی شامیں

بے جانے ہوئے بے سمجھے ہوئے

اک مشت غبار انساں پر

شبنم کی طرح رو جائیں گی

ہر چیز بھلا دی جائے گی

یادوں کے حسیں بت خانے سے

ہر چیز اٹھا دی جائے گی

پھر کوئی نہیں یہ پوچھے گا

سردارؔ کہاں ہے محفل میں

لیکن میں یہاں پھر آؤں گا

بچوں کے دہن سے بولوں گا

چڑیوں کی زباں سے گاؤں گا

جب بیج ہنسیں گے دھرتی میں

اور کونپلیں اپنی انگلی سے

مٹی کی تہوں کو چھیڑیں گی

میں پتی پتی کلی کلی

اپنی آنکھیں پھر کھولوں گا

سر سبز ہتھیلی پر لے کر

شبنم کے قطرے تولوں گا

میں رنگ حنا آہنگ غزل

انداز سخن بن جاؤں گا

رخسار عروس نو کی طرح

ہر آنچل سے چھن جاؤں گا

جاڑوں کی ہوائیں دامن میں

جب فصل خزاں کو لائیں گی

رہ رو کے جواں قدموں کے تلے

سوکھے ہوئے پتوں سے میرے

ہنسنے کی صدائیں آئیں گی

دھرتی کی سنہری سب ندیاں

آکاش کی نیلی سب جھیلیں

ہستی سے مری بھر جائیں گی

اور سارا زمانہ دیکھے گا

ہر قصہ مرا افسانہ ہے

ہر عاشق ہے سردارؔ یہاں

ہر معشوقہ سلطانہؔ ہے

میں ایک گریزاں لمحہ ہوں

ایام کے افسوں خانے میں

میں ایک تڑپتا قطرہ ہوں

مصروف سفر جو رہتا ہے

ماضی کی صراحی کے دل سے

مستقبل کے پیمانے میں

میں سوتا ہوں اور جاگتا ہوں

اور جاگ کے پھر سو جاتا ہوں

صدیوں کا پرانا کھیل ہوں میں

میں مر کے امر ہو جاتا ہوں

مزید غزلیں از علی سردار جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں