پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی کونین کی غزلیں — Ali Kaunain Ghazals

علی کونین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

انگور کے دانوں میں نہ شہتوت میں آیا (غزل)

انگور کے دانوں میں نہ شہتوت میں آیا

جو ذائقہ تیرے لب یاقوت میں آیا

میں حسن کی وادی میں پھرا اور طرح سے

میں مصر سے ہوتا ہوا بیروت میں آیا

تجھ حضرت انسان کی تکمیل کی خاطر

میں عالم لاہوت سے ناسوت میں آیا

بس اتنا مجھے یاد ہے منظر کا نظارہ

حیرت سے کوئی حالت مبہوت میں آیا

یہ کس کو تری موت بھری آنکھ نے دیکھا

یہ کس کا جنازہ مرے تابوت میں آیا

اس میں عجب نہیں کہ پری جھیل سے ملے (غزل)

اس میں عجب نہیں کہ پری جھیل سے ملے

یوسف کنوئیں سے موسیٰ ہمیں نیل سے ملے

ایسا وہ اپنی ذات میں یکتائے روزگار

تشبیہ سے ملے نہ وہ تمثیل سے ملے

اتنی بلند اپنی سماعت کو رکھتا ہوں

آواز مجھ کو صور سرافیل سے ملے

پہلے وہ اپنی مرضی سے آتے تھے میرے پاس

اور اب کے میرے حکم کی تعمیل سے ملے

رکھا ہوا ہے یاد انہیں الکتاب نے

جو ابرہہ کو زخم ابابیل سے ملے

مزید غزلیں از علی کونین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں