پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اکرم نقاش کی غزلیں — Akram Naqqash Ghazals

اکرم نقاش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی سنتا ہی نہیں کس کو سنانے لگ جائیں (غزل)

کوئی سنتا ہی نہیں کس کو سنانے لگ جائیں

درد اگر اٹھے تو کیا شور مچانے لگ جائیں

بھید ایسا کہ گرہ جس کی طلب کرتی ہے عمر

رمز ایسا کہ سمجھنے میں زمانے لگ جائیں

آ گیا وہ تو دل و جان بچھے ہیں ہر سو

اور نہیں آئے تو کیا خاک اڑانے لگ جائیں

تیری آنکھوں کی قسم ہم کو یہ ممکن ہی نہیں

تو نہ ہو اور یہ منظر بھی سہانے لگ جائیں

وحشتیں اتنی بڑھا دے کہ گھروندے ڈھا دیں

سبز شاخوں سے پرندوں کو اڑانے لگ جائیں

ایسا دارو ہو رہ عشق سے باز آئیں قدم

ایسا چارہ ہو کہ بس ہوش ٹھکانے لگ جائیں

تو ساتھ ہے مگر کہیں تیرا پتا نہیں (غزل)

تو ساتھ ہے مگر کہیں تیرا پتا نہیں

شاخوں پہ دور تک کوئی پتا ہرا نہیں

خاموشیاں بھری ہیں فضاؤں میں ان دنوں

ہم نے بھی موسموں سے ادھر کچھ کہا نہیں

تو نے زباں نہ کھولی سخن میں نے چن لیے

تو نے وہ پڑھ لیا جسے میں نے لکھا نہیں

یہ کون سی جگہ ہے یہ بستی ہے کون سی

کوئی بھی اس جہان میں تیرے سوا نہیں

چلیے بہت قریب سے سب دیکھنا ہوا

اپنے گماں سے ہٹ کے کہیں کچھ ہوا نہیں

چھوڑا ہے جانے کس نے مجھے بال و پر کے ساتھ

یہ کن بلندیوں پہ جہاں پر ہوا نہیں

رنگ طلب ہے کون سی منزل میں کیا کہیں

آنکھوں میں مدعا نہیں لب پر صدا نہیں

پیچھے ترے اے راحت جان کچھ نہ پوچھیو

کیا کیا ہوا نہیں یہاں کیا کچھ ہوا نہیں

مزید غزلیں از اکرم نقاش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں