احمد اشفاق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جتنی ہم چاہتے تھے اتنی محبت نہیں دی (غزل)
جتنی ہم چاہتے تھے اتنی محبت نہیں دی
خواب تو دے دیے اس نے ہمیں مہلت نہیں دی
بکتا رہتا سر بازار کئی قسطوں میں
شکر ہے میرے خدا نے مجھے شہرت نہیں دی
اس کی خاموشی مری راہ میں آ بیٹھی ہے
میں چلا جاتا مگر اس نے اجازت نہیں دی
ہم ترے ساتھ ترے جیسا رویہ رکھتے
دینے والے نے مگر ایسی طبیعت نہیں دی
مجھ سے جو تنگ ہوا میں نے اسے چھوڑ دیا
اس کو خود چھوڑ کے جانے کی بھی زحمت نہیں دی
ہم تھے محتاط تعلق میں توازن رکھا
پاس الفت رہا حد درجہ عقیدت نہیں دی
جس قدر ٹوٹ کے چاہا اسے ہم نے اشفاقؔ
اس سخی نے ہمیں اتنی بھی تو نفرت نہیں دی
تم جو آ جاؤ غم دھواں ہو جائے (غزل)
تم جو آ جاؤ غم دھواں ہو جائے
بزم جاں رشک آسماں ہو جائے
ٹوٹ جاتا ہے دم محبت کا
بد گمانی اگر جواں ہو جائے
حال و ماضی کی سرحدیں ایسی
زندگی پل میں رفتگاں ہو جائے
صاف ستھرا معاملہ رکھئے
اس سے پہلے عذاب جاں ہو جائے
چیخ اٹھتا ہے دفعتاً کردار
جب کوئی شخص بد گماں ہو جائے
لازمی ہیں وضاحتیں اشفاقؔ
جب کوئی دوست بد گماں ہو جائے