افضل ہزاروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پرانے سب نظارے جا رہے ہیں (غزل)
پرانے سب نظارے جا رہے ہیں
نئے منظر ابھارے جا رہے ہیں
ادھر ہے سرد مہری اور ادھر سے
اشاروں پر اشارے جا رہے ہیں
سفینہ ہو رہا ہے غرق طوفاں
نگاہوں سے کنارے جا رہے ہیں
نہیں باطن پہ اب کوئی توجہ
فقط ظاہر سنوارے جا رہے ہیں
شب غم میں رخ روشن کے جلوے
اندھیروں کو نکھارے جا رہے ہیں
کہیں بکھری پڑی ہے زلف افضلؔ
کہیں گیسو سنوارے جا رہے ہیں
حوصلے کیا اس بت بے جان کے (غزل)
حوصلے کیا اس بت بے جان کے
سارے جھگڑے ہیں دل نادان کے
ناز ہے کس بات پر انسان کو
کس طرح چلتا ہے سینہ تان کے
کھیت جل تھل کر دئے سیلاب نے
مر گئے ارمان سب دہقان کے
دے رہے ہیں مات اب شیطان کو
کارنامے حضرت انسان کے
چھپ چھپا کے وار ہم کرتے نہیں
ہم کھلاڑی ہیں کھلے میدان کے
جب سے بدلی ہیں نگاہیں یار نے
پڑ گئے ہیں لالے افضلؔ جان کے
مزید غزلیں از افضل ہزاروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں