آفتاب خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اداس کر کے مجھے مسکرا رہی ہو تم (غزل)
اداس کر کے مجھے مسکرا رہی ہو تم
کہاں کی اینٹ کہاں اب لگا رہی ہو تم
فشار خون تو پہلے بھی کب ہے قابو میں
کیوں اس پہ اور دباؤ بڑھا رہی ہو تم
گو اختیار کی ہے بے رخی بہت دن سے
گداز دل کو مگر گدگدا رہی ہو تم
بہت نفیس قرینے ہیں وار کرنے کے
فریب حسن کے فتنے جگا رہی ہو تم
تمہیں ذرا بھی لگاوٹ نہ وصل سے تھی کبھی
سو میرے ہجر میں آنسو بہا رہی ہو تم
نہ تم کو فرق ہے معلوم عشق و آتش کا
جو آفتابؔ سے نظریں ملا رہی ہو تم
اگر جفا ہے گنہ وہ گناہ گار بنا (غزل)
اگر جفا ہے گنہ وہ گناہ گار بنا
میں بس وفا کے عمل میں شریک کار بنا
یہی ہماری عقیدت کی انتہا ہے میاں
جہاں چراغ جلایا وہاں مزار بنا
وہ بد نصیب ہے اس وقت مجھ کو چھوڑ گئی
جب اس کے گرد محبت کا اک حصار بنا
وہ جس نے میرے لیے مشکلیں کھڑی کی تھیں
وہی ہجوم حوادث کا خود شکار بنا
مجھے وہ سونپ گیا ہجر باد صرصر کیوں
اسی کے دم سے یہ موسم تھا خوش گوار بنا
سبھی کی طرح کرو تم بھی اس پہ مشق ستم
یہ دل تو ٹوٹ کے پہلے بھی بار بار بنا
سنو بغور کسی روز آفتابؔ سخن
وہ شاعری کے تقدس کا اعتبار بنا