پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افروز تاج کی غزلیں — Afroz Taj Ghazals

افروز تاج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری راتوں میں تیری صورت ہے (غزل)

میری راتوں میں تیری صورت ہے

اب کسے چاند کی ضرورت ہے

جان کھو کر ہی جان پایا ہوں

موت ہی ایک بس حقیقت ہے

میرے حصے میں تیری یادیں ہیں

سب کے حصے میں تیری چاہت ہے

پھر سر شام کھل گئیں زلفیں

آج پھر شام ہی سے شامت ہے

قتل ہوتا ہوں مسکراتا ہوں

تیرے ہاتھوں میں وہ نزاکت ہے

زندگی زندگی کو کیا دے گی

وہ تو خود موت کی امانت ہے

زندگی کی دعائیں دیتے ہو

سانس لینے کی کس کو فرصت ہے

تاجؔ پر یہ سجاوٹیں دیکھو

سنگ الفت پہ رنگ دولت ہے

چاند تاروں سے یہ ہم لے کے خبر آتے ہیں (غزل)

چاند تاروں سے یہ ہم لے کے خبر آتے ہیں

ایسے وہ ہیں نہیں جیسے کہ نظر آتے ہیں

شام ہوتی ہے تری یاد اڑی آتی ہے

جیسے پنچھی یہاں شب کرنے بسر آتے ہیں

تیری آنکھوں میں وہ دیکھے ہیں ابھرتے جذبے

گہرے پانی میں ہی رہ رہ کے بھنور آتے ہیں

جو یہ آرام پسندوں سے تجھے نفرت ہے

تو ہم اے رشک قمر کس کے کمر آتے ہیں

زندگی کیا ہے بس اک دن کا سفر ہے یارو

صبح جاتے ہیں تو ہم شام کو گھر آتے ہیں

شیخ جاتے ہیں کدھر بعد عشا مت دیکھو

دیکھنا یہ ہے کہ وہ وقت سحر آتے ہیں

لاکھ راہوں میں یونہی پھول بچھاؤں لیکن

جانے کیوں پاؤں وہ کانٹوں پہ ہی دھر آتے ہیں

کیوں نہ محروم رہے یار سے مسکن اس کا

تاجؔ کی راہ میں اغیار کے گھر آتے ہیں

مزید غزلیں از افروز تاج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں