پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افروز رضوی کی غزلیں — Afroz Rizvi Ghazals

افروز رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ مہکتا ہے جو خوشبو کے حوالوں کی طرح (غزل)

وہ مہکتا ہے جو خوشبو کے حوالوں کی طرح

اس کو رکھا ہے کتابوں میں گلابوں کی طرح

وہ جو خوابوں کے جزیرے میں نظر آتا ہے

میرے ادراک میں رہتا ہے کناروں کی طرح

بن کے احساس جو دھڑکن سے لپٹ جاتا ہے

ساتھ رہتا ہے محبت میں خیالوں کی طرح

دیکھنا خواب کی صورت میں نظر آئے گا

وہ جو پلکوں پہ چمکتا ہے ستاروں کی طرح

میں نے خوشبو کے لبادے میں جسے چوما تھا

میری ہر سانس میں شامل ہے وہ پھولوں کی طرح

وہ مرے شعر کا اک مصرعۂ تر ہو جیسے

گنگناتی ہوں اسے آج میں گیتوں کی طرح

اتنی اچھی تھی ملاقات کہ پہلے دن ہی

دل میں افروزؔ بسایا اسے سوچوں کی طرح

عشق ہو جاؤں پیار ہو جاؤں (غزل)

عشق ہو جاؤں پیار ہو جاؤں

میں جو خوشبوئے یار ہو جاؤں

جب بھی نکلوں میں ڈھونڈنے اس کو

دھول مٹی غبار ہو جاؤں

اس کے وعدے کا اعتبار کروں

پھر شب انتظار ہو جاؤں

اوڑھ لوں اس کی یاد کی چادر

اور خود پر نثار ہو جاؤں

میں ترا موسم خزاں پہنوں

اور فصل بہار ہو جاؤں

ایک شب اس کو اس طرح دیکھوں

دامن شب کے پار ہو جاؤں

جو ہوا تجھ کو چھو کے آئے میں

اس کو چھو لوں بہار ہو جاؤں

جس گھڑی اس کا آئنہ دیکھوں

اس گھڑی عکس یار ہو جاؤں

پھول ٹانکوں لباس میں اس کے

میں اگر دست کار ہو جاؤں

اس کا کاجل لگا کے آنکھوں میں

مستیٔ چشم یار ہو جاؤں

چاہتا وہ بھی ہے یہی افروزؔ

آگ پی لوں شرار ہو جاؤں

محبت کے بلند و باگ دعوے سب ہی کرتے ہیں (نظم)

محبت کے بلند و باگ دعوے سب ہی کرتے ہیں

محبت کی اصلی معراج کو کب کوئی سمجھا ہے

محبت دل کے اندر جاگزیں

نازک سا اک احساس ہوتی ہے

محبت کانچ ہوتی ہیں

ذرا سی ٹھیس لگنے سے یہ چکنا چور ہوتی ہے

محبت ریت ہے ساحل کی

کہ ننگے پاؤں جس پر دور تک چلنا بہت تسکین دیتا ہے

محبت ٹھنڈے میٹھے پانیوں کا ایک چشمہ ہے

کہ جس کا گھونٹ بھی پی لیں

تو سارا جسم ہی اندر تلک سیراب رہتا ہے

مگر افسوس

کہ تم نے اس مرے احساس الفت کو

دہکتے جسم کا اک عارضی احساس ہی جانا

تمہاری سوچ بھی جب عام لوگوں کی طرح ٹھہری

محبت مر گئی میری

مزید غزلیں از افروز رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں