پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افقر موہانی کی غزلیں — Afqar Mohani 1 Ghazals

افقر موہانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ترے حسن نظر کا یہ بھی اک اعجاز ہے ساقی (غزل)

ترے حسن نظر کا یہ بھی اک اعجاز ہے ساقی

کہ ہر مے کش زمیں پر آسماں پرواز ہے ساقی

خیال اتنا رہے بس اپنے ساغر کی پلانے میں

ترا انجام ہے ساقی مرا آغاز ہے ساقی

کہیں باہم دگر ٹکرا نہ جائیں ساغر و مینا

مئے سرجوش اس دم مائل پرواز ہے ساقی

جبین شوق سجدہ کر کہاں کا پاس رسوائی

خوشا وقتے کہ سرگرم خرام ناز ہے ساقی

ادھر بھی اک نظر او سب کی جانب دیکھنے والے

کہ اک رند خراباتی نظر انداز ہے ساقی

کریں توبہ تو دل بے چین اگر پی لیں تو رسوائی

عجب الجھن میں اپنی مے کشی کا راز ہے ساقی

شراب ارغوانی بھی پیوں میں خود تو پانی ہے

پلائے تو جو پانی بادۂ شیراز ہے ساقی

پس توبہ مجھے پینے میں آخر کیوں تامل ہو

بحمداللہ در توبہ ابھی تک باز ہے ساقی

وہ کیوں جانے لگا دیر و حرم کی ٹھوکریں کھانے

ترے افقرؔ کو تیرے میکدے پر ناز ہے ساقی

خوشی جانتے ہیں نہ غم جانتے ہیں (غزل)

خوشی جانتے ہیں نہ غم جانتے ہیں

جو ان کی رضا ہو وہ ہم جانتے ہیں

جو کچھ چار تنکوں کو ہم جانتے ہیں

وہ گلچین و صیاد کم جانتے ہیں

تمہارے ہی جلووں کی ہم روشنی کو

تجلیٔ دیر و حرم جانتے ہیں

میں قاتل نہ محشر میں سمجھوں بھی تو کیا

تمہیں سب خدا کی قسم جانتے ہیں

مری خاک دل کا پتا بھی نہیں ہے

وہ اتنے ستم کو بھی کم جانتے ہیں

خدا کو خدا ہم سمجھتے ہیں واعظ

مگر ہاں صنم کو صنم جانتے ہیں

کریں گے نہ عرض تمنا کہ ہم خود

محبت کا اپنی بھرم جانتے ہیں

وہی کچھ سمجھتے ہیں اسرار ہستی

جو ہستی کو اپنی عدم جانتے ہیں

متاع دو عالم سمجھتے ہیں ہم بھی

مگر چار تنکوں سے کم جانتے ہیں

کہیں راز الفت بھی ہوتا ہے ظاہر

کہیں کیوں جو کچھ تم کو ہم جانتے ہیں

خدا کو وہی خوب پہچانتے ہیں

تمہیں جو خدا کی قسم جانتے ہیں

کھلی ہیں دم نزع آنکھیں جو افقرؔ

ابھی تک وہ آنکھوں میں دم جانتے ہیں

میں صدقے ترے حق کے پیارے کنھیا (نظم)

میں صدقے ترے حق کے پیارے کنھیا

زمیں پر خدا کے اتارے کنھیا

نہیں ایک گوکل پہ موقوف جلوے

ترے ہر کہیں ہیں نظارے کنھیا

مزہ تو یہی ہے تری معرفت کا

کہ ہر قوم سمجھے ہمارے کنھیا

وہی تو ہیں بس زندہ دار محبت

ترے عشق کے جو ہیں مارے کنھیا

جفا و ستم کے اندھیروں میں پل کر

بنے خلق میں چاند تارے کنھیا

ملی ہے انہیں کو تو راہ حقیقت

چلے ہیں جو تیرے سہارے کنھیا

عجب کیا مظالم کی تاریکیوں میں

زمانہ تجھے پھر پکارے کنھیا

جو ہیں آج بھی حق پرستی کے محرم

وہ زندہ ہیں تیرے سہارے کنھیا

نہ وہ کنس ہے اور نہ وہ دور افقرؔ

مگر رہ گئے حق کے پیارے کنھیا

مزید غزلیں از افقر موہانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں