افگن نجیب آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیسے بھلاؤں اس گل رنگیں ادا کو میں (غزل)
کیسے بھلاؤں اس گل رنگیں ادا کو میں
کب تک فریب دوں دل درد آشنا کو میں
حسرت کو آرزو کو ترے مدعا کو میں
اے دل سمجھ رہا ہوں تری ہر ادا کو میں
تم چھپنا چاہتے ہو تو چھپ جاؤ شوق سے
لو ہاتھ اٹھا رہا ہوں بظاہر دعا کو میں
اے زندگی نہ جا یہ تماشہ بھی دیکھ لے
تیرے لیے گلے سے لگا لوں قضا کو میں
دل میرا اس کی جلوہ گہہ ناز ہے مگر
دیر و حرم میں ڈھونڈ رہا ہوں خدا کو میں
بخشا ہے جس کی یاد نے مجھ کو شعور غم
الزام دے رہا ہوں اسی پارسا کو میں
ہر سمت جس سے گیت برستے ہوں پیار کے
افگنؔ کہاں سے لاؤں گا ایسی فضا کو میں
لذت شناس درد کوئی آدمی نہ ہو (غزل)
لذت شناس درد کوئی آدمی نہ ہو
میری طرح شکار غم دوستی نہ ہو
بھولے سے بھی کہا ہو اگر بے وفا تمہیں
مجھ کو تمام عمر میسر خوشی نہ ہو
وہ مجھ کو غیر سمجھیں برا یا بھلا کہیں
لیکن مرے خلوص میں یارب کمی نہ ہو
ساقی ہمارے واسطے وہ مے حرام ہے
جس میں تری نگاہ کی مستی ملی نہ ہو
آتا نہیں ہے رنگ محبت شباب پر
محبوب کی طرف سے اگر برہمی نہ ہو
افگنؔ غم حیات پہ کچھ تبصرہ نہ کر
جب تک حدیث غم سے تجھے آگہی نہ ہو
سنتا ہوں شور جب بھی کہیں سوچتا ہوں میں
میرے حضور کی یہیں محفل جمی نہ ہو