پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عدنان احمد کی غزلیں — Adnan Ahmad Ghazals

عدنان احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری اس دھڑکن کی سرگم یعنی تم (غزل)

میری اس دھڑکن کی سرگم یعنی تم

میرے ان زخموں کا مرہم یعنی تم

مٹی دلدل کالے بادل یعنی میں

جھیل و جھرنے اچھا موسم یعنی تم

لوگوں کا غم ہوں میں میرا غم یہ دل

ہاں لیکن میرے دل کا غم یعنی تم

اک خاموش کھڑی دلہن ہے یہ دنیا

دلہن کی پائل کی چھم چھم یعنی تم

تم کو سوچا تو ایسی تصویر بنی

ہنستا چہرہ اور آنکھیں نم یعنی تم

اک اک کر کے پولیں ساری کھولوں گا (غزل)

اک اک کر کے پولیں ساری کھولوں گا

لیکن اتنی جلدی تھوڑی کھولوں گا

اس خوشبو سے بس اس کو مہکانا ہے

میں موقع آنے پر شیشی کھولوں گا

مل جائے گا چہرہ میرے مطلب کا

تب جا کر آنکھوں کی پٹی کھولوں گا

تم نے وقت لیا تھا سکہ چننے میں

سو میں بھی اب دیر سے مٹھی کھولوں گا

یوں نہ لگے میں اس کی راہ میں بیٹھا تھا

اس باری آرام سے کنڈی کھولوں گا

کلاس میں بیٹھے گھنٹوں دیکھوں گا اس کو

ٹیچر ٹوکے گی تب کاپی کھولوں گا

سوچو مت بس باندھو میرے ہاتھوں کو

پھر میں جانوں کیسے رسی کھولوں گا

مزید غزلیں از عدنان احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں