پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد معروف مغل کی غزلیں — Abid Maroof Mughal Ghazals

عابد معروف مغل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سبھی سپنے ادھورے ہیں (غزل)

سبھی سپنے ادھورے ہیں

جہاں والے ادھورے ہیں

محبت کی کہانی کے

سبھی حصے ادھورے ہیں

نہ تیرے ساتھ ہو ایسا

کہ ہم جتنے ادھورے ہیں

سنے جو تیرے بارے میں

وہ سب قصے ادھورے ہیں

کہانی نامکمل ہے

کئی فقرے ادھورے ہیں

ابھی تک گمشدہ ہے وہ

ابھی تک ہم ادھورے ہیں

بنا ماں باپ کے جگ میں

سبھی بچے ادھورے ہیں

تری باتیں ادھوری تھیں

مرے جملے ادھورے ہیں

تری تمثیل کے عابدؔ

کئی نقطے ادھورے ہیں

جو تیرے شہر میں آیا ہوا ہے (غزل)

جو تیرے شہر میں آیا ہوا ہے

عجب اک لہر میں آیا ہوا ہے

ہمارے شہر پر بھی رحم مولا

بلا کے قہر میں آیا ہوا ہے

نئی اک صبح کا ہے پیش خیمہ

اندھیرا دہر میں آیا ہوا ہے

یہ کیسا عشق و مستی کا ہے چکر

جو پچھلے پہر میں آیا ہوا ہے

تو جو جو مانگنا ہے مانگ لیجے

قلندر لہر میں آیا ہوا ہے

ہماری زندگی کا کل اثاثہ

ترے حق مہر میں آیا ہوا ہے

مزید غزلیں از عابد معروف مغل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں