ابھے کمار بیباک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی کی راہ کا پتھر ہٹا رہا ہوں ابھی (غزل)
کسی کی راہ کا پتھر ہٹا رہا ہوں ابھی
سفر کو اور بھی مشکل بنا رہا ہوں ابھی
اسے یہ جان کر اچھا بہت لگے گا مگر
میں اس کی یاد میں سب کچھ بھلا رہا ہوں ابھی
میں ساتھ اپنے ہی سائے کا چھوڑ دوں نہ کہیں
کہ سر پہ دھوپ غموں کی اٹھا رہا ہوں ابھی
حیات تو بھی تو دھوکے سے کم نہیں لیکن
فریب تیرے لئے سب سے کھا رہا ہوں ابھی
میں آندھیوں سے ڈرا کب کہ آج گھبراؤں
تو پھر دیے سے دیے کیوں جلا رہا ہوں ابھی
مجھے پڑھے تو کوئی کس طرح پڑھے ببیاکؔ
میں خود کو آب پہ لکھ کر مٹا رہا ہوں ابھی
ختم ان کے کبھی ستم نہ ہوئے (غزل)
ختم ان کے کبھی ستم نہ ہوئے
سر ہمارے اگرچہ خم نہ ہوئے
تم کوئی شام ایسی بتلاؤ
جب ہوئے تم اداس ہم نہ ہوئے
اپنا خالق تو ہے صنم اپنا
ہم کسی کے مگر صنم نہ ہوئے
کس کو آنکھیں ملا کے دیکھیں جب
تیری نظروں میں محترم نہ ہوئے
اور جینے کا کیا ہنر رکھتے
کم سے کم ہاتھ تو قلم نہ ہوئے
کیا ہوا لفظ لفظ جینے سے
اک عبارت میں جب رقم نہ ہوئے
لطف ببیاکؔ اس سفر میں کہاں
جس کی راہوں میں زیر و بم نہ ہوئے