پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالوقار کی غزلیں — Abdul Waqar Ghazals

عبدالوقار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پہلے پیدل پیدل جایا کرتے تھے (غزل)

پہلے پیدل پیدل جایا کرتے تھے

پھر دونوں اک بس میں بیٹھا کرتے تھے

وہ زلفوں کو پیچھے کرتی رہتی تھی

پھر بھی اس کے گیسو بکھرا کرتے تھے

وہ اول تھی پڑھنے لکھنے میں اور ہم

پیچھے سب سے پیچھے بیٹھا کرتے تھے

نام پکارا جاتا تھا جب اس کا تو

یس سر یس سر ہم بھی بولا کرتے تھے

دہرے کام کی عادت بچپن سے ہی تھی

اس کی کاپی بھی ہم لکھا کرتے تھے

اس کی نظریں رہتی تھیں بس ٹیچر پر

ہم تو کیول اس کو دیکھا کرتے تھے

تم سیاست میں ہو جو چاہے نیا کرتے رہو (غزل)

تم سیاست میں ہو جو چاہے نیا کرتے رہو

پر کتر کے ان پرندوں کو رہا کرتے رہو

دکھ کے سب بادل چھٹیں گے دھوپ کھل کر آئے گی

مسئلے پر تم بڑوں سے مشورہ کرتے رہو

ہم نے یہ تعلیم پائی ہے نبئ پاک سے

دشمنوں کے حق میں بھی رب سے دعا کرتے رہو

تم بھی گن سکتے ہو تارے آسماں کے ہاں مگر

شرط اتنی ہے مسلسل رتجگا کرتے رہو

برکتیں بڑھ جائیں گی گھر میں تمہارے دیکھنا

ہو سکے تو مفلسوں کا حق ادا کرتے رہو

تنکا تنکا جوڑ کر تعمیر ہوتا ہے محل

اس لیے ہر دن نیا کچھ تجربہ کرتے رہو

مزید غزلیں از عبدالوقار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں