معظم علی اعوان
کمپیوٹر سکرین پر دو تصویریں پہلو بہ پہلو ٹکائے بیٹھا ہوں۔ ایک تصویر میں زندگی موت کی تصویر بن گئی ہےاور دوسری میں موت بذاتِ خود زندگی کا منہ چڑا رہی ہے۔ دونوں تصویریں اپنے اپنے اندر مکمل کہانی سموئے ہوئے ہیں۔ ان کو دیکھ کر سوچ رہا ہوں یہ ہمارے ہاں زندگی کی قیمت گراں ہے یا موت نایاب قیمت۔
مندرجہ بالا تصاویر میں ایک غریب اور ضعیف انسان کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ اپنی بیمار شریکِ حیات کو گاڑی میں ہسپتال تک لے جا سکے۔سوشل میڈیا میں اس حوالے سے کسی قدر مبالغہ آرائی بھی کی گئی
اور حکمران جماعت کی طرف بندوقوں کا رخ ہی رہا کہ سڑکوں کے نہ ہونے کی وجہ سے مریضہ کو اس حال میں لایا گیا۔ مگر اس مخصوص چارپائی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ بذریعہ سڑک ہی کھینچی (لائی) گئی ہے۔ میَں اس واقعے میں حکومت کو نہیں بلکہ اپنے جیسے ان ہزاروں لوگوں کو قصوروار ٹھہرا رہا ہوں جو ایک لاغر، ضعیف اور غریب الجیب انسان کو لاچارگی، بے چارگی اور کم مائیگی کے باوجود چارپائی کھینچتے دیکھتے رہے مگر کسی کے خون میں غیرت کی حرارت نہیں تھی۔ کوئی بیٹا ایک باپ اور ماں کا دکھ محسوس نہ کر سکا۔
1993 میں افریقہ میں کیون کارٹر کی لی گئی ایک تصویر کو پولٹزر پرائز ملا مگر اس تصویر کے تین ماہ بعد اس تصویر کے ماحول کے کرب کو محسوس کرتے ہوئے کیون نے خود کشی کر لی۔اس کے اندر ضمیر جاگتا تھا جو اسے راتوں میں سونے نہیں دیتا تھا۔اس تصویر میں ایک پناہ گزین بچی اقوامِِ متحدہ کے کیمپ کی جانب لاغر جسم سے رینگتی ہوئی دکھائی دیتی ہے اور پسِ منظر ایک گدھ بیٹھا ہے جو صرف اس انتظار میں ہے کہ کچھ لمحوں میں یہ بچی بھوک کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار جائے اور
وہ اس کی ہڈیوں پہ موجود نام نہاد گوشت نوچ سکے۔ ہم سب بھی گدھ ہیں، جو اس بیمار عورت کی لاش کے انتظار میں ہیں جس پہ اپنی سیاست کی دکان کو نیا رنگ و روغن کر سکیں۔



اس دوسری تصویر میں ایک معصوم بچی کی لاش ہے جسے زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا ہے۔اس بچی کا قصور یہ تھا کہ وہ ایک گھٹیا، لا ابالی اور جنسی گھٹن زدہ معاشرے میں پیدا ہوئی۔وہ اس ہیجان خیز معاشرے میں رہ رہی تھی جہاں 2013 میںبچوں سے زیادتی کے 3002 کیسز رجسٹرڈ ہوئے اور 2014 میں یہی تعداد بڑھ کر 3508 ہو گئی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اصل تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے کہ زیادتی کے زیادہ تر کیسز بوجہ عزت و ناموس فائل نہیں کئے جاتے۔کیا جنسی ہیجان خیزی صرف بچوں پہ آ کرمنتج کی جا سکتی ہے؟قصور واقعہ پوری دنیا میں ہمارا سر شرم سے جھکا رہا ہے۔اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا سے گزارا جائے تا کہ یہ جنسی ہیجان خیزی ڈرکے زیرِ سایہ ہی سہی، دبی تو رہے۔

