پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

26 دسمبر 1994 26 دسمبر 2006 عجب فیصلہءِتقدیر ہے کہ…

26 دسمبر 1994
26 دسمبر 2006
عجب فیصلہءِتقدیر ہے کہ صداقت اور استغناء سے سرشار شاعر جناب منیر نیازی اور چبھتی نظروں ، خونخوار نیتوں کے معاشرے میں بھی زندہ رہنے والی محترمَہ پروین شاکر چھبیس دسمبر کو ہی فوت ہُوئِیں۔۔۔۔منیر نیازی کے عِشق رسول صلّی اللّٰہُ علَیہ وَآلِہ وسلّم کا ایمان افروز مشاہدہ مَیں نے ابھی چند ہی روز پہلے اپنی پروفائل پہ تحریر کیا تھا۔
منیر نیازی کے انتقال کے چند ہی روز بعد ہمارے شہر میں مرحوم کی یاد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تقریب کے انعقاد کے لئے زرِخطیر مختص کیا گیا ۔تقریب منعقد ہُوئی آپس میں واہ واہ ، داد و تحسین کی آوازیں بلند کی گئیں مگر منیر نیازی کے پسماندگان کے آنسُو بہتے رہے ان کی دال روٹی کا بندوبست بھی نہیں تھا۔کیونکہ مرحوم صاحب اولاد نہیں تھے اور مکان بھی اپنا نہ تھا۔۔۔اسلئے یہ بات تو سمجھ میں آتی ہے کہ مرحوم کے اہل خانہ میں کوئی اَیسا نہ تھا جس کو معمولی رقم کا چیک دیتے ہُوئے تصاویر بنوائی جا سکتی ہوں۔ انسانی حقوق کے بڑے بڑے دعوے دار اس وقت بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے تھے جب لفظوں کی خوشبو تقسیم کرنے والی شاعرہ پروین شاکر کو ایک کار نے ٹکر مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اس قتل کی اَیف آئی آر ہی درج نہیں ہُوئی۔
شعر تو کوئی ایک بھی کَہہ سکتا ہے مگر جس کے اشعار کو کلام کا رتبہ ملتا ہے وہ کوئی کوئی ہوتا ہے۔ پروین شاکر پہ قدرت نے”کلام” کو آشکار کرنے کے سارے دریچے وا کر دئیے تھے اس کا ہر لفظ ہر شخص کے دل میں اتر جاتا تھا۔۔۔ اس نے "قلَم” کی حرمت کو بھی قائم رکھا اور اپنی ناموس کو بھی۔۔۔اس نے واقعی”کوفے”میں زندگی گزاری اور بالآخر اسے قتل کر دیا گیا ۔ اسے بھی شاید جانے کی بہت جلدی تھی۔ اس نے خود کَہہ دیا تھا کہ
تیرے پیمانے میں گردش نہیں باقی ساقی
اور تری بزم سے اب کوئی اٹھا چاہتا ہے

منیر نیازی اور پروین شاکر بھی ان خوش بخت افراد میں ہیں جن کے الفاظ کو اللہ تعالیٰ نے رہتی دنیا تک زندہ رکھا ہُوا ہے۔
غالب ، میر ، جگر مراد آبادی اور ساغر صدیقی اسی انعام یافتہ قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔ حکیم خلیق الرحمان

ہمیں بہت ہے یہ ساداتِ عشق کی نسبت
کہ یہ قبیلہ کوئی ایسا کم نسب بھی نہیں
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ (پروین شاکر)

آنکھوں میں اُڑ رہی ہے لُٹی محفلوں کی دھول
عبرت سرائے دہر ہے اور ہم ہیں دوستو
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ (منیر نیازی)