پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

26؍فروری 1956 ڈاکٹر مخمورؔ دہلوی کا یومِ وفات……

26؍فروری 1956
ڈاکٹر مخمورؔ دہلوی کا یومِ وفات……
نام ڈاکٹر فضل الہی اور تخلص مخمورؔ دہلوی تھا۔ 07؍نومبر 1901ء کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ ان کے دادا کا نام محبوب الہی اور والد کا نام حاجی نور احمد تھا۔ گیارہ بارہ برس کی عمر میں شعر گوئی کا آغاز کیا۔ استاد بیخودؔ دہلوی کے شاگرد ہوئے فطرتا شرمیلے تھے۔ ڈاکٹر مخمورؔ دہلوی 26؍فروری 1956ء کو دہلی میں انتقال کر گئے۔
منتخب کلام
خدا جب تک نہ چاہے آدمی سے کچھ نہیں ہوتا
مجھے معلوم ہے میری خوشی سے کچھ نہیں ہوتا
محبت جذبۂ ایثار سے پروان چڑھتی ہے
خلوص دل نہ ہو تو دوستی سے کچھ نہیں ہوتا
وہاں تیرا کرم تیرا بھروسہ کام آتا ہے
جہاں مجبور ہو کر آدمی سے کچھ نہیں ہوتا
ضیائے شمس بھی موجود ہے نور قمر بھی ہے
بصیرت ہی نہ ہو تو روشنی سے کچھ نہیں ہوتا
غرض تیرے سوا ہر ایک کو مجبور پاتا ہوں
بھروسہ جس پہ کرتا ہوں اسی سے کچھ نہیں ہوتا
خود اپنے حال سے الجھے ہوئے ہیں تیرے دیوانے
ہنسے جائے زمانے کی ہنسی سے کچھ نہیں ہوتا
محبت بد گماں ہو جائے تو زندہ نہیں رہتی
اثر دل پر تمہاری بے رخی سے کچھ نہیں ہوتا
….
یہ تجھ سے آشنا دنیا سے بیگانے کہاں جاتے
ترے کوچے سے اٹھتے بھی تو دیوانے کہاں جاتے
قفس میں بھی مجھے صیاد کے ہاتھوں سے ملتے ہیں
مری تقدیر کے لکھے ہوئے دانے کہاں جاتے
نہ چھوڑا ضبط نے دامن نہیں تو تیرے سودائی
ہجوم غم سے گھبرا کر خدا جانے کہاں جاتے
میں اپنے آنسوؤں کو کیسے دامن میں چھپا لیتا
جو پلکوں تک چلے آئے وہ افسانے کہاں جاتے
تمہارے نام سے منسوب ہو جاتے ہیں دیوانے
یہ اپنے ہوش میں ہوتے تو پہچانے کہاں جاتے
اگر کوئی حریم ناز کے پردے اٹھا دیتا
تو پھر کعبہ کہاں رہتا صنم خانے کہاں جاتے
نہیں تھا مستحق مخمورؔ رندوں کے سوا کوئی
نہ ہوتے ہم تو پھر لبریز پیمانے کہاں جاتے
….
دلائل سے خدا تک عقل انسانی نہیں جاتی
وہ اک ایسی حقیقت ہے جو پہچانی نہیں جاتی
اسے تو راہ میں ارباب ہمت چھوڑ دیتے ہیں
کسی کے ساتھ منزل تک تن آسانی نہیں جاتی
کسے ملتی ہیں وہ آنکھیں محبت میں جو روتی ہیں
مبارک ہیں وہ آنسو جن کی ارزانی نہیں جاتی
ابھرتا ہی نہیں دل ڈوب کر بحر محبت میں
جب آ جاتی ہے اس دریا میں طغیانی نہیں جاتی
گدائی میں بھی مجھ پر شان استغنا برستی ہے
مرے سر سے ہوائے تاج سلطانی نہیں جاتی
مقیم دل ہیں وہ ارمان جو پورے نہیں ہوتے
یہ وہ آباد گھر ہے جس کی ویرانی نہیں جاتی
کچھ ایسا پرتو حسن ازل نے کر دیا روشن
قیامت تک تو اب ذروں کی تابانی نہیں جاتی
کچھ ایسے برگزیدہ لوگ بھی ہیں جن کے ہاتھوں سے
چھڑا کر اپنا دامن پاک دامنی نہیں جاتی
ہجوم یاس میں بھی زندگی پر مسکراتا ہوں
مصیبت میں بھی میری خندہ پیشانی نہیں جاتی
…………………..