پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

25؍فروری 2017 ممتاز ترین نعت گو شاعر ” گوہرؔ ملسیا…

25؍فروری 2017
ممتاز ترین نعت گو شاعر ” گوہرؔ ملسیانی کا یومِ وفات
15 July 1934
نام میاں طفیل محمد اور تخلص گوہرؔ تھا۔ آپ 15؍جولائی 1934ء کو ملسیان، بھارت میں پیدا ہوئے۔
گوہر ملسیانی 25؍فروری2017ء کو 83 برس کی عمر میں خانیوال میں انتقال کرگئے تھے
منتخب نعتیہ کلام
جو لب پہ خیر الوریٰﷺ کے آیا وہ لفظ فرمان ہوگیا ہے
بہارِ مدحت کاہے وہ مژدہ ،ثنا کا عنوان ہوگیا ہے
چمک اٹھی پھر حسین محفل، درودِ خیر لبشرﷺ کی ضو سے
چلاہے ذکرِ حضورﷺ جب بھی وہ نورِ عرفان ہوگیا ہے
دیارِ طیبہ میں شب گزارے، جہاں محبت کے ہیں نظارے
جومدتوں سے ترس رہاتھا وہ انﷺ کا مہمان ہوگیا ہے
رسولِ اکرمﷺ کی پیروی میں گذاری جس نے حیات اپنی
غریب ونادار وہ گدابھی، جہاں کا سلطان ہوگیا ہے
وہی ہے عشقِ نبیﷺ میں کامل ہے، وہی ہے حبِّ نبیﷺ کا وارث
رہِ محبت میں چلتے چلتے فنا جوانسان ہوگیا ہے
ملیں ضیائیں مجھے ہنرکی، وقارِ صوت وصدا بھی نکھرا
رسولِ رحمتﷺ کاذکرِ انور، اسی کی پہچان ہوگیا ہے
نہیں ہے گوہرؔ تمہیں سلیقہ کہ پھول الفاظ کے سجاؤ
جوکہہ رہے ہوثنائے خواجہؐ، خدا کا احسان ہوگیا ہے
…..
حصار نور میں ہوں گلشن طیبہ میں رہتا ہوں
خوشا قسمت کہ میں تو جلوۂ زیبا میں رہتا ہوں
شفق پھیلی ہو یا ہو صبح کے انوار کا منظر
میں بے خود سا خیال سنتِ آقاﷺ میں رہتا ہوں
مری سوکھی ہوئی کھیتی خدا سر سبز کر دے گا
میں روز وشب خیالِ گنبد خضریٰ میں رہتا ہوں
شعورِ زندگی پاتا ہوں میں دونوں حصاروں سے
کبھی بطحا میں رہتا ہوں، کبھی طیبہ میں رہتا ہوں
اطاعت کے جس گوہرؔ تمنا ہے مری ہر دم
شفیع المذنبیںﷺ کے ضوفشاں اسوہ میں رہتا ہوں
…….
سیرت وکردار دیتے ہیں شہادت آپﷺ کی
چار سو تاباں جہاں میں ہے صداقت آپﷺ کی
زندگانی کا سلیقہ آپ نے بتلا دیا!
نوعِ انساں پر ہے بے پایاں عنایت آپﷺ کی
آپ کے افکار تو قرآن کی تفسیر ہیں
باعثِ رحمت زمانے میں رسالت آپﷺ کی
ملّتِ بیضا کی عظمت آپ کی تعلیم میں
کامیابی کی دلالت ہے شریعت آپﷺ کی
جھولیاں بھرتے رہے محتاج بھی، مسکین بھی
باخدا اتنی فراواں تھی سخاوت آپﷺ کی
کاروان فکر کا جادہ جہان شوق میں
منزل مقصود کا رستہ ہدایت آپﷺ کی
کیسہ دل میں چھپا لو گوہرؔ توحید کو
زندگانی کا اثاثہ یہ امانت آپﷺ کی
………………………………