۲۱ فروری بلند پایہ محقق جناب مشفق خواجہ کے یومِ وفات پر
کُچھ اِس طرح سے ترا غم دِیے جلاتا تھا
کہ خاکِ دل کا ہر اک ذرّہ جگمگاتا تھا
اسی لیے نہ کیا تلخئی جہاں کا گِلہ
ترا خیال پسِ پردہ مُسکراتا تھا
نہ یاد رکھتا تھا مجھ کو نہ بھول جاتا تھا
کبھی کبھی وہ مجھے یوں بھی آزماتا تھا
ہر آئنہ تھا سراپا حجاب میرے لیے
میں اپنے آپ کو دیکھوں،نظر وہ آتا تھا
نظر چُرا کے وہ گزرا قریب سے لیکن
نظر بچا کے مجھے دیکھتا بھی جاتا تھا
غزل کے لہجے میں ہوتی تھی گفتگو اُس سے
وضاحتوں میں بھی ابہام رہ ہی جاتا تھا
وہاں بھی سایہِ دیوار اُس کا یاد رہا
خود اپنا سایہ جہاں ساتھ چھوڑ جاتا تھا
اُداس کمرہ مہکتا تھا کس کی یادوں سے
وہ کون شخص تھا، کیا تھا، کہاں سے آتا تھا
چمکتے تھے دَر و دیوار آئنوں کی طرح
اِن آئنوں میں کوئی عکس مسکراتا تھا
مشفق خواجہ
از:-ابیات ص ۴۷/۴۸
انتخاب
سفیدپوش

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔