پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

“یہ کچھ زیادہ ہی اچھا نہیں ہے؟” روبینہ یاسمین کیا آپ نے کبھی خود کو یہ کہتے سن…

“یہ کچھ زیادہ ہی اچھا نہیں ہے؟”
✍️ روبینہ یاسمین

کیا آپ نے کبھی خود کو یہ کہتے سنا ہے؟

“یہ کچھ زیادہ ہی اچھا نہیں ہے؟ضرور کوئی گڑ بڑ ہو گی –

میں نے خود کو یہ جملہ کہتے ہوئے پکڑا ہے۔
خاموش لمحوں میں،
بغیر کسی واضح وجہ کے،
صرف اس لیے کہ زندگی اچانک کچھ زیادہ ہی مہربان لگنے لگی تھی۔

بعض اوقات کچھ چیزیں ہمارے ساتھ اتنی زیادہ اچھی ہو جاتی ہیں
کہ ذہن انہیں نعمت کے بجائے خطرہ سمجھنے لگتا ہے۔

ہر اچھی چیز
“Too good to be true”
نہیں ہوتی۔
کبھی کبھی مسئلہ چیز میں نہیں،
ہماری یادوں میں ہوتا ہے۔

ہم میں سے بہت سے لوگ اچھی چیزوں سے اس لیے نہیں گھبراتے
کہ وہ جھوٹی ہوتی ہیں،
بلکہ اس لیے کہ ماضی نے ہمیں سکھایا ہوتا ہے
کہ اچھا ہونا عارضی ہوتا ہے،
اور ہر خوشی کے بعد
کسی نہ کسی قیمت کا مطالبہ ضرور آتا ہے۔

جنہوں نے بچپن میں کمی دیکھی ہو،
جنہوں نے رشتوں میں دھوکا کھایا ہو،
جنہوں نے خوابوں کی ملازمت کو
آہستہ آہستہ عذاب بنتے دیکھا ہو

وہ لوگ جب زندگی کچھ اچھا دیتی ہے
تو اسے سینے سے لگانے کے بجائے
اس میں نقص تلاش کرنے لگتے ہیں۔

اصل سوال یہ نہیں کہ
“یہ کچھ زیادہ ہی اچھا نہیں ہے؟”

اصل سوال یہ ہے کہ
کیا میں ماضی کے زخموں کی وجہ سے
حال کی حقیقت کو ماننے سے انکار کر رہا/رہی ہوں؟

ہر اچھی چیز جال نہیں ہوتی۔
اور ہر خوف انتباہ نہیں ہوتا۔
کبھی کبھی یہ صرف
ٹراما کی زبان میں بولتی ہوئی
پرانے تجربات کی بازگشت ہوتی ہے۔

اگر کسی موقع، رشتے یا نعمت کے حق میں شواہد موجود ہوں،
اور اس کے خلاف کوئی واضح سرخ جھنڈی نہ ہو،
تو ممکن ہے مسئلہ موقع میں نہیں،
بلکہ خود کو کم تر سمجھنے کی
خاموش عادت میں ہو۔

ہر اچھی چیز کو
“اتنا اچھا کہاں ہوتا ہے آج کل؟”
کہہ کر رد کرنا
اصل میں خود سے یہ کہنا ہے
کہ میں اچھے کی حقدار نہیں۔

اور شاید…
یہ سب سے بڑا دھوکا ہے
جو ہم خود کو دیتے ہیں۔

تو ذرا رک کر خود سے پوچھیے
جب آخری بار زندگی نے آپ کو کچھ اچھا دیا تھا،
کیا آپ نے اسے خوشی سے قبول کیا تھا؟
یا
“یہ کچھ زیادہ ہی اچھا نہیں ہے؟” میرے ساتھ اتنا اچھا کیسے ہو سکتا ہے ؟
کہہ کر
خاموشی سے واپس کر دیا تھا ؟

Rubina Yasmeen



Source