یہ وصال و ہجر کا مسئلہ تو مری سمجھ میں نہ آ سکا
کبھی کوئی مجھ کو نہ پا سکا کبھی میں کسی کو نہ پا سکا
…
ڈاکٹر ہلالؔ فرید کا یومِ ولادت
2؍ستمبر 1959
منتخب کلام
ہم خود بھی ہوئے نادم جب حرف دعا نکلا
سمجھے تھے جسے پتھر وہ شخص خدا نکلا
اس دشت سے ہو کر بھی اک سیل انا نکلا
کچھ برگ شجر ٹوٹے کچھ زور ہوا نکلا
الجھن کا سلجھ جانا اک خام خیالی تھی
جب غور کیا ہم نے اک پیچ نیا نکلا
اے فطرت صد معنی غالبؔ کی غزل ہے تو
جب حسن ترا پرکھا پہلے سے سوا نکلا
ہم پاس بھی جانے سے جس شخص کے ڈرتے تھے
چھو کر جو اسے دیکھا مٹی کا بنا نکلا
پھولوں میں ہلالؔ آؤ اب رقص خزاں دیکھیں
کانٹوں کے نگر میں تو ہر باغ ہرا نکلا
…..
یہ وصال و ہجر کا مسئلہ تو مری سمجھ میں نہ آ سکا
کبھی کوئی مجھ کو نہ پا سکا کبھی میں کسی کو نہ پا سکا
کئی بستیوں کو الٹ چکا کوئی تاب اس کی نہ لا سکا
مگر آندھیوں کا یہ سلسلہ ترا نقش پا نہ مٹا سکا
مری داستاں بھی عجیب ہے وہ قدم قدم مرے ساتھ تھا
جسے رازِ دل نہ بتا سکا ، جسے داغِ دل نہ دکھا سکا
نہ ہی بجلیاں نہ ہی بارشیں ، نہ ہی دشمنوں کی وہ سازشیں
بھلا کیا سبب ہے بتا ذرا جو تو آج بھی نہیں آ سکا
کبھی روشنی کی طلب رہی کبھی حوصلوں کی کمی رہی
میں چراغ کو ترے نام کے نہ جلا سکا ، نہ بجھا سکا
وہ جو عکسِ رنگِ ہلال تھی ، وہ جو آپ اپنی مثال تھی
مجھے آج تک ہے خلش یہی تجھے وہ غزل نہ سنا سکا
……………………..
