پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یہ انتظار نہ ٹھہرا کوئی بلا ٹھہری کسی کی جان گئی آ…

یہ انتظار نہ ٹھہرا کوئی بلا ٹھہری
کسی کی جان گئی آپ کی ادا ٹھہری
…
نسیم امروہوی کا یومِ پیدائش
Aug 24, 1908

اردو کے نامور مرثیہ نگار شاعر اور ماہر لسانیات جناب نسیم امروہوی کا اصل نام سید قائم رضا نقوی تھا اور وہ 24 اگست 1908ء کو امروہہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا گھرانہ علمی اور مذہبی حوالے سے امروہہ میں ایک خاص مقام رکھتا تھا۔ نسیم امروہوی نے عربی اور فارسی کے علاوہ منطق، فلسفہ، فقہ، علم الکلام، تفسیر، حدیث اور ادبیات کے تحصیل کی۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پہلے خیرپور میں اور پھر کراچی میں اقامت اختیار کی۔
نسیم امروہوی غزل، قصیدہ، مثنوی، رباعی، گیت اور نظم سبھی اصناف پر عبور رکھتے تھے لیکن ان کی اصل شناخت مرثیہ نگاری ہے۔انہوں نے اپنا پہلا مرثیہ 1923ء میں کہا تھا۔ ان کے کہے ہوئے مراثی کی تعداد 200 سے زائد ہے۔
وہ لسانیات پر بھی مکمل عبور رکھتے تھے، وہ ایک طویل عرصے تک ترقی اردو بورڈ میں اردو لغت کے مدیر کی حیثیت سے وابستہ رہے اس کے علاوہ انہوں نے نسیم اللغات اور فرہنگ اقبال بھی مرتب کیں۔
28 فروری 1987ء کو جناب نسیم امروہوی کراچی میں وفات پاگئے۔
نسیم امروہوی کراچی میں مسجد آل عبا کے احاطے میں آسودۂ خاک ہیں۔
….
ہوئی ہے فرقہ پرستی کی عام بیماری
خدا کے نام پہ ملّت میں جنگ ہے جاری
جواب دے ہمیں دنیائے زندگی ساری
پیامِ امن ہے مذہب؟ کہ حکمِ خونخواری

خدا کی خلق کو کیوں آدمی تمام کرے
وہ دین ہی نہیں ہرگز جو قتلِ عام کرے
…..


Comments

2 responses to “یہ انتظار نہ ٹھہرا کوئی بلا ٹھہری کسی کی جان گئی آ…”

  1. ابتدائی شعر لاجواب ھے. مرثیہ گو شاعر غزل اور نظم کم ھی کہتے ھیں لیکن کمال کی کہتے ھیں. انیس نے پوری عمر مرثیہ کہتے گذاری لیکن ابتدائی غزلیں اور رباعیات کو اھل اردو آنکھوں پر رکھتے ھیں. حمایت علی شاعر نے کسی ریڈیو پروگرام میں کہا تھا کہ کاش میر انیس غزلیں ھی کہتے.

جواب دیں