یوں چشمِ نم ہے رنگِ غزل سے بھری ہوئی
جیسے ہو جَل پری کوئی جَل سے بھری ہوئی
سانسوں میں روز گھولتی ہے زندگی کا کرب
جینے کی پیاس وقت کے تَھل سے بھری ہوئی
کُھلتی نہیں ہے کُھل کے بھی اپنے وجود میں
بے چارگی کی آنکھ ‘ ازل سے بھری ہوئی
ناخوش ہو کس لیے کہ ملی زندگی تمام
اُس بے بدل کو میرے بدل سے بھری ہوئی
یہ بھی تو دیکھ ‘ کیسے گزر جاؤں بے نیاز
جوہڑ کی آب رُو ہے کنول سے بھری ہوئی
دنیا میں شاہ زادیِ افلاس ہر طرف
کرتی ہے راج، راج محَل سے بھری ہوئی
اب اُس دہن میں زہر اگلتی زبان ہے
جانے کہاں گئی وہ عَسَل سے بھری ہوئی
یوں ہے کہ آسمان پہ سب کا دماغ ہے
رشتوں کی خو ہے اپنے خلل سے بھری ہوئی
کچھ وَہم یا گماں ہے، کہاں تک اٹھائیے
ہر ساعت ِ بقا ہے اجل سے بھری ہوئی
خاِلدؔ ! میں سوچتا ہوں کہ جائے گی کس طرح
دن کی تھکن ہے بازوے شَل سے بھری ہوئی
خالِدؔ علیم

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔