اتوار • 4 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب غزلیں

یوم پیدائش خادم رزمی 02 فروری 1932 (پیدائش: 2 فرو…


یوم پیدائش خادم رزمی
02 فروری 1932
(پیدائش: 2 فروری، 1932ء- وفات: 2 جنوری، 2006ء)
منتخب کلام
نہ جانے کتنی جبینوں کی ضُو سلگتی ہے
دھواں نکلتا ہے چمنی سے کارخانے کی
….
کس نے لہرائی دریچے سے بدن کی چاندنی
کون تھا میلی گلی کو جس نے اجلا کر دیا
….
عمریں گزر گئی ہیں اثر کی تلاش میں
کس نامراد لب کی دعا ہو گئے ہیں ہم
———-
کچھ اس لیے بھی وہ سیلاب بھیج دیتا ہے
کہ بستیوں میں رہو اور کھنڈر بھی ساتھ رکھو
……
آن پہنچے ہیں یہ کہاں ہم لوگ
اب زمیں ہیں نہ آسماں ہم لوگ
کل یقیں بانٹتے تھے اوروں میں
اب ہیں خود سے بھی بد گماں ہم لوگ
کن ہواؤں کی زد میں آئے ہیں
ہو گئے ہیں دھواں دھواں ہم لوگ
چپ تو پہلے بھی جھیلتے تھے مگر
اس قدر کب تھے بے زباں ہم لوگ
کب میسر کوئی کنارہ ہو
کب سمیٹیں گے بادباں ہم لوگ
بن گئے راکھ اب نجانے کیوں
تھے کبھی شعلۂ تپاں ہم لوگ
ہم کو جانا تھا کس طرف رزمیؔ
اور کس سمت ہیں رواں ہم لوگ
………………