پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یا رحمت اللعالمین الہام جامہ ہے تیرا قرآں عمامہ …

یا رحمت اللعالمین
الہام جامہ ہے تیرا
قرآں عمامہ ہے تیرا
منبر تیرا عرش بریں
یا رحمت اللعالمیں

آئینۂ رحمت بدن
سانسیں چراغ علم و فن
قرب الٰہی تیرا گھر
الفقر و فخری تیرا دھن
خوشبو تیری جوئے کرم
آنکھیں تیری باب حرم
نور ازل تیری جبیں
یا رحمت اللعالمیں

تیری خموشی بھی اذاں
نیندیں بھی تیری رت جگے
تیری حیات پاک کا
ہر لمحہ پیغمبر لگے
خیر البشر رتبہ تیرا
آواز حق خطبہ تیرا
آفاق تیرے سامعیں
یا رحمت اللعالمیں

قبضہ تیری پرچھائیں کا
بینائی پر ادراک پر
قدموں کی جنبش خاک پر
اور آہٹیں افلاک پر
گرد سفر تاروں کی ضو
مرکب براق تیز رو
سائیس جبرئیل امیں
یا رحمت اللعالمیں

تو آفتاب غار بھی
تو پرچم یلغار بھی
عجز و وفا بھی پیار بھی
شہ زور بھی سالار بھی
تیری ذرا فتح و ظفر
صدق و صفا تیری سپر
تیغ و تبر صبر و یقیں
یا رحمت اللعالمیں

پھر گڈریوں کو لعل دے
جاں پتھروں میں ڈال دے
حاوی ہوں مستقبل پہ ہم
ماضی سا ہم کو حال دے
دعوی ہے تیری چاہ کا
اس امت گمراہ کا
تیرے سوا کوئی نہیں
یا رحمت اللعالمیں

(مظفر وارثی)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی