پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہے ابھی مہتاب باقی اور باقی ہے شراب اور باقی میرے …

ہے ابھی مہتاب باقی اور باقی ہے شراب
اور باقی میرے تیرے درمیاں صدہا حساب

دل میں یوں بیدار ہوتے ہیں خیالاتِ غزل
آنکھیں مَلتے جس طرح اٹّھے کوئی مستِ شباب

گیسوئے خمدار میں اشعارِ تَر کی ٹھنڈکیں
آتشِ رُخسار میں قلبِ تپاں کا التہاب

چوڑیاں بجتی ہیں دل میں، مرحبا بزمِ خیال
کِھلتے جاتے ہیں نگاہوں میں جبینوں کے گلاب

کاش پڑھ سکتا کسی صورت سے تُو آیاتِ عشق
اہلِ دل بھی تو ہیں اے شیخِ زماں! اہلِ کتاب

ایک عالم پر نہیں رہتی ہیں کیفیّاتِ عشق
گاہ ریگستاں بھی دریا، گاہ دریا بھی سراب

ڈھونڈیئے کیوں استعارہ اور تشبیہ و مثال؟
حُسن تو وہ ہے بتائیں جس کو حُسنِ لاجواب

حُسن خود اپنا نقیب، آنکھوں کو دیتا ہے پیام
آمد آمد آفتاب، آمد دلیلِ آفتاب

حُسن وہ جو ایک کر دے معنئ فتح و شکست
رہ گئی سو بار جھک جھک کر نگاہِ کامیاب

عظمتِ تقدیرِ آدم اہلِ مذہب سے نہ پوچھ
جو مشیّت نے نہ دیکھے، دل نے دیکھے ہیں وہ خواب

غیب کی نظریں بچا کے کچھ چرا لے وقت سے
پھر نہ ہاتھ آئے گا کچھ، ہر لمحہ ہے پا در رکاب

بارہا ہاں بارہا میں نے دمِ فکرِ سخن
چھو لیا ہے اُس سکوں کو جو ہے جانِ اضطراب

سر سے پا تک حُسن ہے سازِ نمو، رازِ نمو
آ رہا ہے ایک کمسن پر دبے پاؤں شباب

بزمِ فطرت سر بہ سر ہوتی ہے اک بزمِ سماع
وہ سکوتِ نیم شب کا نغمۂ چنگ و رباب

(فراقؔ گورکھپوری)

المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی