پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہوا کی موج جو خوشبوئے یار لائی ہے مری خزاں میں …

ہوا کی موج جو خوشبوئے یار لائی ہے
مری خزاں میں نسیمِ بہار لائی ہے

چمک اٹھا ہے ترا حُسن آبگینوں میں
تری نگاہ سرور و خمار لائی ہے

کہاں تھی شرطِ محبت کی وعدہ ایفائی
کہ روزِ وصل بصد انتظار لائی ہے

مری فسُردہ دلی کے لئے تری صحبت
مِرا گیا ہوا صبر و قرار لائی ہے

تجھی سے رات کو اس بزم میں چراغاں ہے
چمن میں صبح ترا ہی نکھار لائی ہے

(ڈاکٹر منیب الرحمٰن)

المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی


Comments

3 responses to “ہوا کی موج جو خوشبوئے یار لائی ہے مری خزاں میں …”

  1. رفعت سلطان کی ایک غزل کا مطلع یاد آ رہا ہے جو80 کی دہائی میں انہوں نے کہی تھی۔۔۔

    لے کے خوشبوئے یار آئی ہے
    کس ادا سے بہار آئی ہے
    ڈاکٹر منیب الرحمان سے ادب کے ساتھ۔۔۔۔۔کہ تخیّل تو رفعت سلطان کا ہی ہے۔۔۔۔اور تخیّل کو لفظوں کا جامہ پہناتے وقت۔۔۔۔ کوئی شاعر جس کرب سے گزرتا ہے وہ۔۔۔۔اُس کا ہی حصہ ہوتا ہے
    رفعت سلطان صاحب معروف روحانی بزرگ سلطان باہو رح کے خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں ان کےمعروف اشعار۔۔۔۔جو بہت سے”محقق” فَیض احمد فَیض یا اپنے کسی من پسند شاعر سے زبردستی منسوب کر دیتے ہیں۔۔
    آج کی بات پِھر نہیں ہو گی
    یہ ملاقات پِھر نہیں ہو گی
    ایسے بادل تو پِھر بھی آئیں گے
    ایسی برسات پِھر نہیں ہو گی
    رات ان کو بھی یوں ہُوا محسوس
    جیسے یہ رات پِھر نہیں ہو گی
    اک نظَر مُڑ کے دیکھنے والے
    کیا یہ خیرات پِھر نہیں ہو گی

    صاحبزادہ رفعت سلطان کا انتقال 2007 میں ہُوا ۔۔ان کی بیش قیمت شاعری ریختہ پر بھی یقیناً ہو گی۔(حکیم خلیق الرحمٰن)

جواب دیں