پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہم کو تو گردش حالات پہ رونا آیا رونے والے تجھے کس…


ہم کو تو گردش حالات پہ رونا آیا
رونے والے تجھے کس بات پہ رونا آیا

کیسے جیتے ہیں یہ کس طرح جیے جاتے ہیں
اہل دل کی بسر اوقات پہ رونا آیا

جی نہیں آپ سے کیا مجھ کو شکایت ہوگی
ہاں مجھے تلخئ حالات پہ رونا آیا

حسن مغرور کا یہ رنگ بھی دیکھا آخر
آخر ان کو بھی کسی بات پہ رونا آیا

کیسے مر مر کے گزاری ہے تمہیں کیا معلوم
رات بھر تاروں بھری رات پہ رونا آیا

کتنے بیتاب تھے رم جھم میں پئیں گے لیکن
آئی برسات تو برسات پہ رونا آیا

حسن نے اپنی جفاؤں پہ بہائے آنسو
عشق کو اپنی شکایات پہ رونا آیا

کتنے انجان ہیں کیا سادگی سے پوچھتے ہیں
کہیے کیا میری کسی بات پہ رونا آیا

اول اول تو بس ایک آہ نکل جاتی تھی
آخر آخر تو ملاقات پہ رونا آیا

سیفؔ یہ دن تو قیامت کی طرح گزرا ہے
جانے کیا بات تھی ہر بات پہ رونا آیا

Humko to gardish-e-halat pe rona aayaa… A rare Live recording of 1980s. Poet – Saifuddin Saif. Audio courtesy – Mehmood Sir.


Comments

7 responses to “ہم کو تو گردش حالات پہ رونا آیا رونے والے تجھے کس…”

  1. امرتسر کے ایم اے او کالج سے تعلیم حاصل کرنے والے سیف الدین سیف جب پاکستان آئے تو اُنہیں ایک بزرگ کے پاس باقاعدگی سے آتے ہُوئے دیکھا۔۔۔رات میں ٹھیک ساڑے بارہ بجے آجاتے ۔۔۔اپنا سیگریٹ دروازے سے باہر کچھ فاصلے پر زمین میں پھینک کر پاؤں سے روند کر بجھاتے اور سامنے لگے ہُوئے پانی کے نل سے کُلی کرتے ۔۔۔۔اپنی پتلون کی جیب سے کپڑے کی ٹوپی نکال کر سر پہ لیتے اور دروازے کے باہر سلام کہتے ۔۔۔اشارہ پا کر اندر آجاتے ۔۔۔حجرے میں دو چارپائیاں آمنے سامنے بچھی تھیں۔۔۔اور ایک کونے میں جائے نماز بچھا تھا۔۔۔ دائیں بائیں اوپر نیچے چھت تک کتابیں ہی کتابیں پڑی ہوئی تھیں۔۔۔۔سیف صاحب اندر آ کر سامنے والی اس چارپائی پہ بیٹھ جاتے جس پہ اشفاق احمد ، بانو قدسیہ ، ساغر صدیقی ، منو بھائی ، شرقی بن شائق ، وجیہہ السیما عرفانی ، صہیب القائی اور بہت سے دیگر مہمان آ کر بیٹھتے تھے۔۔۔وہ بزرگ مجھے اپنی جیب سے کچھ پیسے نکال کر دیتے اور مَیں سامنے کی دوکان سے سیون اپ کی ایک بوتل سیف صاحب کے لئے لے آتا مَیں نے بارہا کوشِش کی کہ مَیں اپنی جیب سے ہی لے آؤں مگر واپسی پر مجھے پورے پیسے ادا کر دئیے جاتے۔۔۔۔سوڈا پینے کے بعد سیف صاحب کو اشارہ کیا جاتا اور سیف صاحب درج ذیل اشعار مکرر مکرر سناتے۔۔۔ ٹھیک آدھے گھنٹے کے بعد سیف صاحب سے فرمایا جاتا کہ آپ کا گھر جانے کا وقت ہو گیا۔۔۔سیف صاحب الٹے قدموں واپس تشریف لے جاتے۔۔۔ آج بھی سیف الدین سیف کی یہ غزل میری نظر سے گزرتی ہے تو میری نم آنکھوں میں وہی منظر گھومنے لگتا ہے اور مَیں اس راز کو پانے کی ناکام کوشش میں مصروف ہو جاتا ہو جو اس مختصر محفل میں پوشیدہ تھا۔۔۔۔ (حکیم خلیق الرحمٰن)

    آئے تھے اُن کے ساتھ ، نظارے چلے گئے
    وہ شب ، وہ چاندنی ، وہ ستارے چلے گئے

    شاید تمہارے ساتھ بھی واپس نہ آ سکیں
    وہ ولولے جو ساتھ تمہارے چلے گئے

    کشتی تڑپ کے حلقہ طوفاں میں رہ گئی
    دیکھو تو کتنی دُور کنارے چلے گئے

    شامِ وصال خانۂ غربت سے روٹھ کر
    تم کیا گئے ، نصیب ہمارے چلے گئے

    دیکھاتوپھروہیں تھے، چلےتھےجہاں سےہم
    کشتی کے ساتھ ساتھ کنارے چلے گئے

    محفل میں کس کو تابِ حضورِ جمال تھی
    آئے ، تری نگاہ کے مارے چلے گئے

    جاتے ہجومِ حشر میں ہم عاصیانِ دہر
    اے لطفِ یار تیرے سہارے چلے گئے

    دشمن گئے تو کشمکشِ دوستی گئی
    دشمن گئے کہ دوست ہمارے چلے گئے

    جاتے ہی اُن کے سیف شبِ غم نے آ لیا
    رخصت ہوا وہ چاند ، ستارے چلے گئے
    (آج سیف صاحب کی برسی ہے)

جواب دیں