ہم قافیہ و ہم ردیف
میر تقی میرؔ
جلوہ نہیں ہے نظم میں حُسنِ قُبُول کا
دیواں میں شعر گر نہیں نعتِ رسولؐ کا
حق کی طلب ہے کچھ تو محمدؐ پرست ہو
ایسا وسیلہ ہے بھی خدا کے حُصُول کا
مطلُوب ہے زمان و مکان و جہان سے
محبُوب ہے ملک کا فلک کا عُقُول کا
احمدؐ کو ہم نے جان رکھا ہے وہی احد
مذہب کُچھ اور ہو گا کسی بوالفُضُول کا
جن مردماں کو آنکھیں دیاں ہیں خُدا نے وے
سُرمہ کریں ہیں رہ کی تِری خاکِ دھُول کا
مقصُود ہے علیؓ کا ولی کا سبھی کا تُو
ہے قصد سب کو تیری رضا کے حُصُول کا
تھی گُفتگُوئے باغِ فِدک جڑ فساد کی
جانے ہے جِس کو عِلم ہے دیں کے اُصُول کا
دعویٰ جو حق شناسی کا رکھیے سو اِس قدر
پھر جان بُوجھ کریے تلف حق بتُولؓ کا
پروائے حشر کیا ہے تُجھے میرؔ شاد رہ
ہے عُذر خواہ جُرم جو وہ تُجھ ملُول کا۔۔۔!
۔۔۔۔۔
ہے حرف خامہ دِل زدہ حُسن قُبُول کا
یعنی خیال سر میں ہے نعتِ رسولؐ کا
رہ پیروی میں اُس کی کہ گامِ نُخُست میں
ظاہِر اثر ہے مقصد دِل کے وُصُول کا
وہ مقتدائے خلق جہاں اب نہیں ہُوا
پہلے ہی تھا اِمام نُفُوس و عُقُول کا
سرمہ کِیا ہے وضع پئے چشمِ اہلِ قُدُس
احمدؐ کے رہگذار کی خاک اور دھُول کا
ہے متحد نبیؐ و علیؓ و وصی کی ذات
یاں حرف مُعتبر نہیں ہر بو الفُضُول کا
دھو منھ ہزار پانی سے سو بار پڑھ دُرُود
تب نام لے تو اِس چمنستاں کے پھُول کا
حاصل ہے میرؔ دوستی اہل بیت اگر
تو غم ہے کیا نِجات کے اپنی حُصُول کا۔۔۔!
صَلَّى ﷲُ عَلَیہِ واٰلِہٖ وَبَارِکْ وَسَلِّمْ

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔