پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہم ذرے ہیں خاک رہ گزر کے دیکھو ہمیں بام سے اتر کے…

ہم ذرے ہیں خاک رہ گزر کے
دیکھو ہمیں بام سے اتر کے

چپ ہو گئے یوں اسیر جیسے
جھگڑے تھے تمام بال و پر کے

وعدہ نہ دلاؤ یاد ان کا
نادم ہوں خود اعتبار کر کے

اے باد سحر نہ چھیڑ ہم کو
ہم جاگے ہوئے ہیں رات بھر کے

شبنم کی طرح حیات کے خواب
کچھ اور نکھر گئے بکھر کے

جب ان کو خیال وضع آیا
انداز بدل گئے نظر کے

یوں موت کے منتظر ہیں باقیؔ
مل جائے گا چین جیسے مر کے

باقیؔ صدیقی

بشُکرِیہ:-ریختہ ڈاٹ کام

اِنتِخاب
سفیدپوش


Comments

3 responses to “ہم ذرے ہیں خاک رہ گزر کے دیکھو ہمیں بام سے اتر کے…”

  1. ہر شخص کا ایک اپنا رنگ ہوتا ہے ۔ اچھا کلام ہے یہ بھی ۔
    لیکن ان کی پنجابی شاعری تو کمال ہے ۔

جواب دیں