پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہمارے سامنے کچھ ذکر غیروں کا اگر ہوگا آغا اکبرآب…

ہمارے سامنے کچھ ذکر غیروں کا اگر ہوگا
آغا اکبرآبادی
ہمارے سامنے کچھ ذکر غیروں کا اگر ہوگا
بشر ہیں ہم بھی صاحب دیکھیے ناحق کا شر ہوگا

نہ مڑ کر تو نے دیکھا اور نہ میں تڑپا نہ خنجر
نہ دل ہووے گا تیرا سا نہ میرا سا جگر ہوگا

میں کچھ مجنوں نہیں ہوں جو کہ صحرا کو چلا جاؤں
تمہارے در سے سر پھوڑوں گا سودا بھی اگر ہوگا

چمن میں لائی ہوگی تو صبا مشاطگی کر کے
جو گل سے آگے لپٹا ہے کسی بلبل کا پر ہوگا

تری کا بھی وہی مالک ہے جو مالک ہے خشکی کا
مددگار اپنا ہر مشکل میں شاہ بحر و بر ہوگا

تصور زلف کا گر چھوڑ دوں مژگاں کا کھٹکا ہے
جو سر کے درد سے فرصت ملی درد جگر ہوگا

طبیبو تم عبث آئے میں کشتہ ہوں فرنگن کا
مری تدبیر کرنے کو مقرر ڈاکٹر ہوگا

کسی کو کوستے کیوں ہو دعا اپنے لیے مانگو
تمہارا فائدہ کیا ہے جو دشمن کا ضرر ہوگا

مزا آئے گا دیوانوں کی باتوں میں پری زادو
جو آغاؔ کا کسی دن دشت مجنوں میں گزر ہوگا
…
ممتاز کلا سکی شاعر،غزلوں میں غیر روایتی عشق اور رومان پسندی کے لیے معروف ،داغ کے ہم عصر


Comments

One response to “ہمارے سامنے کچھ ذکر غیروں کا اگر ہوگا آغا اکبرآب…”

جواب دیں