پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہماری سانسوں میں آج تک وہ حِنا کی خوشبُو مَہک رہی …


ہماری سانسوں میں آج تک وہ حِنا کی خوشبُو مَہک رہی ہے
لَبوں پہ نَغمے مَچَل رہے ہیں نَظَر سے مَستی چَھلَک رہی ہے

کبھی جو تھے پیار کی ضمانَت وہ ہاتھ ہیں غیر کی امانَت
جو قَسمیں کھاتے تھے چاہتوں کی اُنھی کی نِیَت بہک رہی ہے

کِسی سے کوئی گِلہ نہیں ہے نصیِب ہی میں وفا نہیں ہے
جہاں کہِیں پہ تھا حِنا کو کِھلنا حِنا وہِیں پہ مَہک رہی ہے

وہ جِن کی خاطِر غَزَل کہی تھی وہ جِن کی خاطِر لِکھے تھے نغمے
اُنہِیں کے آگے سوال بن کے غَزَل کی جھانجَھر چَھنَک رہی ہے

وہ میرے نزدِیک آتے آتے حیا سے اِک دِن سِمَٹ گئے تھے
میرے خیالوں میں آج تک وہ بدن کی ڈالی لَچَک رہی ہے

صدا جو دِل سے نِکل رہی ہے وہ شعر و نغموں میں ڈھل رہی ہے
کہ دِل کے آنگَن میں جیسے کوئی غَزَل کی جھانجر چَھنَک رہی ہے

تڑَپ میرے بے قرار دِل کی کبھی تو اُن پہ اثر کرے گی
کبھی تو وہ بھی جلیں گے اُس میں جو آگ دِل میں دہَک رہی ہے۔۔۔!

شاعر تسلیم فاضلی
آواز مادام نور جہاں


Comments

4 responses to “ہماری سانسوں میں آج تک وہ حِنا کی خوشبُو مَہک رہی …”

  1. ایورگرین نغمہ۔۔۔۔۔۔ خوبصورت شاعری،،، ملکہء ترنم کی سدا بہار آواز اور شبنم جی کی دلکش ادائیں
    واااااہ۔۔۔۔وااااہ

جواب دیں