ہلال سر پہ ہے، بیٹھا ہوں کیف میں سرشار
خموش رات کے جنبش میں ہیں لبِ گفتار
مرے ضمیر میں کچھ دن سے ہے وہ کیفیّت
فرازِ چرخ پہ جس طرح صبح کے آثار
ہوا کی رَو میں کئی دن سے کہہ رہا ہے کوئی
کہ تجھ سے رازِ دو عالم ہے مائلِ گفتار
میں ہوں تو ذرۂ خاکی مگر وہ ذرّہ ہوں
جو آفتاب سے رہتا ہے برسرِ پیکار
ازل سے گرمِ عمل گو ہے مذہب و اخلاق
فغاں کہ آج تک انسانیت ہے سینہ فگار
اُس انجمن میں ہے زاہد تجھے غرورِ صلوٰۃ؟
جس انجمن میں ہے عصمت کو جرم کا اقرار
خدا کی شان وہاں نازِ پاک دامانی
جہاں زبانِ رسالت ہے محوِ استغفار
(جوشؔ ملیح آبادی)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔