پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہر ایک شخص پریشان و دربدر سا لگے یہ شہر مجھ کو تو…

ہر ایک شخص پریشان و دربدر سا لگے
یہ شہر مجھ کو تو یارو کوئی بھنور سا لگے

اب اس کے طرزِ تجاہل کو کیا کہے کوئی
وہ بے خبر تو نہیں پھر بھی بے خبر سا لگے

ہر ایک غم کو خوشی کی طرح برتنا ہے
یہ دور وہ ہے کہ جینا بھی اک ہنر سا لگے

نشاطِ صبحتِ زنداں بہت غنیمت ہے
کہ لمحہ لمحہ پُرآشوب و پُرخطر سا لگے

کسے خبر ہے کہ دنیا کا حشر کیا ہوگا
کبھی کبھی تو مجھے آدمی سے ڈر سا لگے

وہ تُند وقت کی رو ہے کہ پاؤں ٹک نہ سکیں
ہر آدمی کوئی اُکھڑا ہوا شجر سا لگے

جہانِ نو کے مکمل سنگھار کی خاطر
صدی صدی کا زمانہ بھی مختصر سا لگے

(جاں نثار اختر)

المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی