پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہر اک قدم پہ جو پرسان حال چاہیے تھا تو پھر اسے ب…

ہر اک قدم پہ جو پرسان حال چاہیے تھا
تو پھر اسے بھی ہمارا خیال چاہیے تھا

وہ رشتے ناطوں کو رسماً نبھانے آیا تھا
ہمیں دلوں کا تعلق بحال چاہیے تھا

بلندیوں پہ توازن نہ رہ سکا قائم–!!
یہاں عروج کو تھوڑا زوال چاہیے تھا

غزل تو آپ سے لے لیتی پڑھ بھی دیتی مگر
مجھے ادب میں بھی رزق حلال چاہیے تھا

کمال پر ہے یہ احساس ان دنوں نصرتؔ
کوئی ہمیں بھی یہاں با کمال چاہیے تھا

(نصرت مہدی)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی(بھٹکلی)