گوشہ ِ ســراج ؔ اورنگ آبادی
( سراج اورنگ آبادی (پیدائش: 11 مارچ 1712ء— وفات: 6 اپریل 1764ء) دکنی شعرا میں ولی دکنی کے بعد اردو کے سب سے بڑے شاعر ہیں۔ سراج کی کلیات میں غزلیں، قصیدے، رباعیات اور مثنوی شامل ہیں۔ لیکن وہ اپنی مثنوی'بوستانِ خیال' اور اپنی غزلوں کی وجہ سے مشہور ہوئے تھے۔ )
1۔
خبرِ تحیّرِ عشق سن ! نہ جنوں رہا نہ پری رہی
نہ تو تُو رہا نہ تو میں رہا 'جو رہی سو بے خبَری رہی
شہِ بے خودی نے عطا کِیا 'مجھے اب لباسِ برہنگی
نہ خرد کی بخیہ گری رہی ' نہ جنوں کی پردہ دری رہی
چلی سَمت غیب سیں کیا ہوا کہ چمن ظہور کا جل گیا
مگر ایک شاخ ِنہالِ غم 'جسے دل کہو سو ہری رہی
نظرِ تغافلِ یار کا 'گلہ کس زباں سیں بیاں کروں
کہ شرابِ صد قدح آرزو 'خم ِدل میں تھی سو بھری رہی
وہ عجب گھڑی تھی میں جس گھڑی' لیا درس نسخۂ عشق کا
کہ کتابِ عقل کی طاق پر' جوں دھری تھی تیوں ہی دھری رہی
ترے جوشِ حیرتِ حسن کا اثر اس قدر سیں یہاں ہوا
کہ نہ آئینے میں رہی جِلا' نہ پری کوں جلوہ گری رہی
کِیا خاک آتشِ عشق نے' دلِ بے نوائے سراجؔ کوں
نہ خطر رہا نہ حذر رہا 'مگر ایک بے خطَری رہی
۔۔۔۔
2۔
قد ترا سروِ رواں تھا 'مجھے معلوم نہ تھا
گلشنِ دل میں عیاں تھا 'مجھے معلوم نہ تھا
دھوپ میں غم کی عبث جی کوں جلایا' افسوس
اس کے سایہ میں اماں تھا 'مجھے معلوم نہ تھا
یار نے ابرو و مِژگاں سیں مجھے صید کیا
صاحبِ تیر و کماں تھا' مجھے معلوم نہ تھا
سب جگت ڈھونڈ پھرا یار نہ پایا لیکن
دل کے گوشہ میں نہاں تھا 'مجھے معلوم نہ تھا
خاک تیرے قدم ِ پاک کی اے نور نگاہ !
سُرمۂ دیدۂ جاں تھا 'مجھے معلوم نہ تھا
میں سمجھتا تھا کہ اُس یار کا ہے نام و نشاں
یار بے نام و نشاں تھا 'مجھے معلوم نہ تھا
روزہ دارانِ جدائی کوں خم ِابروے یار
ماہِ عید ِ رمَضاں تھا 'مجھے معلوم نہ تھا
نگۂ شوخ نے دل ایک کرشمہ میں لیا
کیا بلا سیف زباں تھا' مجھے معلوم نہ تھا
شبِ ہجراں کی نہ تھی تاب مجھے مثل سراجؔ
رخ ترا نور فشاں تھا 'مجھے معلوم نہ تھا
۔۔
۔۔

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔