پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گلی گلی میں علیؑ کے غلام زندہ ہیں سو طے ہوا کہ ہما…

گلی گلی میں علیؑ کے غلام زندہ ہیں
سو طے ہوا کہ ہمارے اِمامؑ زندہ ہیں

یہ کربلا کا ہے دعویٰ کہ مر گئے قاتِل
دلیل یہ ہے درود و سلام زندہ ہیں

مرے علیڑ کے گھرانے کا نام باقی ہے
مرے نبیؐ کے نواسوںؑ کے نام زندہ ہیں

اُٹھا کے دیکھیے تاریخ حق نوائی کی
کہ جس میں آج بھی خُطباتِ شام زندہ ہیں

یزید، ابنِ زِیاد اور ابنِ سعد لَعین
کوئی بتائے کہاں اب یہ خام زندہ ہیں

جگہ جگہ یہ سبیلیں، جگہ جگہ لنگر
مرے حُسینؑ کے سب اہتمام زندہ ہیں

یزیدِ وقت نے جن سے مقام چھینا تھا
ہر ایک دل میں وہ عالی مقامؑ زندہ ہیں

جلانے والوں کی نسلیں تو دیکھ سکتی ہیں
کہ راکھ ہو کے بھی اب تک خیام زندہ ہیں

مرے سلام، مری منقبت کے شعروں میں
مرے امام کے سارے پیام زندہ ہیں

مرے قلَم کو دعا دی تھی ایک سیّد نے
اِسی لیے مرے سارے کلام زندہ ہیں

حبیب ابنِ مظاہر نے کر دیا ثابت
کہ استعارے وفا کے تمام زندہ ہیں

جو راہِ حق میں کھڑے تھے حُسینیت کے ساتھ
وہ ہست و بُود میں واصفؔ مُدام زندہ ہیں

جبّار واصف Jabbar Wasif