پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گلاب شاعری ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نازکی اس کے لب کی کیا کہیۓ …

گلاب شاعری
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نازکی اس کے لب کی کیا کہیۓ
پنکھڑی ایک گلاب کی سی ہے
میر تقی میر
…..
مرزا مظہر جانِ جاناں
عالم ہے یہ پسینے کا اس مستِ خواب پر
پڑی ہے اوس جیسے سحر کو گلاب پر
…..
میاں مصحفی
سرخ ہے مے سے وہ چشمِ نیم خوابِ نرگسی
یا یہ باغِ حسن میں پھولا گلابِ نرگسی
…
دلی بھی طرفہ جا ہے کہ ہر اک گلی کے بیچ
بکتے ہین کوڑی کوڑی کٹورے گلاب کے
…..
کیا نہاۓ جو وہ بے نقاب در تہہ آب
تو رنگِ رخ سے کھلا اک گلاب در تہہ آب
لالہ موجی رام
….
تو چھوڑ اب تو اسیر قفس کو اے صیاد
کلی چٹکنے لگی موسم گلاب آیا
مصحفی غلام ہمدانی
….
آخر کو روح توڑ ہی دے گی حصار جسم
کب تک اسیر خوشبو رہے گی گلاب میں
آنس معین
….
رنگت اس رخ کی گل نے پائی ہے
اور پسینے کی بو گلاب میں ہے
سخی لکھنوی
…..
وہ خار خار ہے شاخ گلاب کی مانند
میں زخم زخم ہوں پھر بھی گلے لگاؤں اسے
احمد فراز
…..
بند قبا میں باندھ لیا لے کے دل مرا
سینہ پہ اس کے پھول کھلا ہے گلاب کا
احمد حسین مائل
….
رخسار کے عرق کا ترے بھاؤ دیکھ کر
پانی کے مول نرخ ہوا ہے گلاب کا
شیخ ظہور الدین حاتم
….
بری سرشت نہ بدلی جگہ بدلنے سے
چمن میں آ کے بھی کانٹا گلاب ہو نہ سکا
آرزو لکھنوی
…..
اب عطر بھی ملو تو تکلف کی بو کہاں
وہ دن ہوا ہوئے جو پسینہ گلاب تھا
لالا مادھو رام جوہر
….
اللہ رے بھلاپا منہ دھو کے خود وہ بولے
سونگھو تو ہو گیا یہ پانی گلاب کیوں کر
جرأت قلندر بخش
…..
جلی ہیں دھوپ میں شکلیں جو ماہتاب کی تھیں
کھنچی ہیں کانٹوں پہ جو پتیاں گلاب کی تھیں
داغؔ دہلوی
….
عجب طرح کا ہے موسم کہ خاک اڑتی ہے
وہ دن بھی تھے کہ کھلے تھے گلاب آنکھوں میں
افتخار عارف
….
کچھ تو کمی ہو روز جزا کے عذاب میں
اب سے پیا کریں گے ملا کر گلاب میں
پروین ام مشتاق
…..
نئے دور کے نئے خواب ہیں نئے موسموں کے گلاب ہیں
یہ محبتوں کے چراغ ہیں انہیں نفرتوں کی ہوا نہ دے
بشیر بدر
…..
دیکھ لیتا ہے تو کھلتے چلے جاتے ہیں گلاب
میری مٹی کو خوش آثار کیا ہے اس نے
عرفانؔ صدیقی
……
#گلاب
پیشکش : عمر جاوید خان