پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گلاب اور لغت ایسے ہی ہوتا ہوگا مگر میرے لیے، شاعر کے لیے ضروری ہے نیا جام، نئے…

گلاب اور لغت
ایسے ہی ہوتا ہوگا

مگر میرے لیے، شاعر کے لیے ضروری ہے
نیا جام، نئے گیت

میرے پاس داستانوں کی چابی ہے
غلامی کے نوادرات ہیں

میں خوشبو کے مہکتے خزانوں سے
اور موسمِ گرما کی چبھن سے گزرتا ہوں

اور تاریخ کو ایک بوڑھے شخص کی صورت میں دیکھتا ہوں
جو شطرنج کھیلتے ہوئے ستارے چوس رہا ہے

ایسے ہی ہوتا ہوگا
مگر میرے لیے ضروری ہے کہ موت کو رو کوں

چاہے اپنی داستان ہی ختم ہوجائے
میں ملبے میں سے بچی کھچی روشنی تلاش کرتا ہوں

نئی شاعری کے لیے
اِس سے پہلے مجھے کبھی احساس ہی نہیں ہوا

کہ لغت کے الفاظ ۔۔۔۔ میری جان! بے معنی ہوچکے ہیں

یہ الفاظ زندہ کیسے رہتے ہیں؟

بڑھتے کیسے ہیں؟

ہم یادوں کے آنسوؤں، استعاروں اور
اپنے اندر کی مٹھاس سے اِن کی آبیاری کرتے ہیں

ایسے ہی ہوتا ہوگا
مگر میرے لیے ضروری ہے کہ میں اُس گلاب سے انکار کر دوں
جو لغت کے گملے اور شعری مجموعہ کے گلدان سے آتا ہے

میرا گلاب تو

مزارعہ کے بازوؤں کے پسینے سے
مزدور کے ہاتھوں کی گرفت سے

اور مجاہد کے زخم سے
چٹان کے ماتھے پر کِھلتا ہے

شاعر: محمود درویش (فلسطین)

مترجم: مُنّو بھائی

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/3843356559228182


Comments

One response to “گلاب اور لغت ایسے ہی ہوتا ہوگا مگر میرے لیے، شاعر کے لیے ضروری ہے نیا جام، نئے…”

  1. Tasweer khubsurat❤️