پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیا آپ نے کبھی تاج محل کی بنیادوں میں جا کر دیکھا ہے۔؟ ہم سب نے تاج محل کی تصوی…

کیا آپ نے کبھی تاج محل
کی بنیادوں میں جا کر دیکھا ہے۔؟

ہم سب نے تاج محل کی تصویریں دیکھی ہیں،
اس کی چمک، اس کی سفیدی، اس کی شان… شاندار گنبد ، دیواریں ، اور حقیقت یہ ہے کہ تعریف بھی اسی چیز کی ہوتی ہے جو نظر آتی ہے۔ مگر کبھی کسی نے یہ سوچا کہ اس عظیم عمارت کی اصل طاقت کہاں ہے؟ وہ بنیادیں جو زمین کے اندھیرے میں چھپی ہوئی ہیں، جنہیں نہ سیاح دیکھتے ہیں نہ تصویروں میں جگہ ملتی ہے، مگر پوری عمارت کا بوجھ انہی کے کندھوں پر ہے۔ بالکل اسی طرح ہم اپنی زندگیوں میں بھی اکثر چمک، شہرت اور فوری کامیابی کے پیچھے بھاگتے ہیں، اور وہ خاموش بنیادیں بھول جاتے ہیں جن پر اصل کامیابی کھڑی ہوتی ہے۔ جسے بعض لوگ “کینوس کی حکمتِ عملی” کہتے ہیں، یعنی کپڑے اور لکڑی سے بنے کینوس کو کوئی نہیں سراہتا جس پر یہ شاہکار تصویر بنی ہوئی ہے ، یہی بات ہمیں سکھاتی ہے کہ پہلے خود کو مٹانا پڑتا ہے، دوسروں کے لیے جگہ بنانی پڑتی ہے، بغیر تعریف کے کام کرنا پڑتا ہے… تب جا کر کہیں مضبوط بنیاد بنتی ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ کرنا کیا چاہیے؟
بات بہت سادہ ہے مگر عمل کچھ ہمت مانگتا ہے۔ اپنی زندگی میں ایسے کام تلاش کریں جن میں فوری تعریف نہ ملے، مگر سیکھنے کا موقع ضرور ملے۔ جہاں نام نہ ہو، مگر ہنر پروان چڑھ رہا ہو۔ جہاں کوئی دیکھ نہ رہا ہو، مگر اندر کچھ مضبوط ہو رہا ہو۔ اپنی توجہ اس بات سے ہٹا لیں کہ لوگ کیا دیکھ رہے ہیں، اور اسے اس طرف لگا دیں کہ آپ کے اندر کیا تعمیر ہو رہی ہے۔ کیونکہ حقیقت یہی ہے کہ دنیا ہمیشہ عمارت کو دیکھتی ہے، گنبد ، دیواریں دیکھتی ہے مگر عمارت ہمیشہ اپنی بنیادوں پر کھڑی رہتی ہے۔ جس دن یہ بات دل میں اتر گئی، اسی دن کامیابی کا راستہ بھی بدل جاتا ہے… اور انسان بھی۔

اللہ ، آپ کو آسانیاں عطا فرمائے۔

جاوید اختر آرائیں
اپریل 2026
جاوید_اختر_آرائیں



Source