کھڑکیاں
حبس بڑھنے لگا
میں نے کمرے کی سب کھڑکیاں کھول دیں
کھڑکیاں، جن سے شہرِ عداوت کی حدت کسی طور نکلے
تو میں بھی محبت کی اک سانس لے لوں
کھڑکیوں سے پرے ایک منظر جدا
کب سے تنہا کھڑا
آنے والے زمانوں کی رہ تک رہا ہے
کوئی آن پہنچے
مگر یہ بھی دیکھے
کہ منظر کے اس پار کوئی نہیں ہے، نہیں تھا
فقط اک گماں تھا
جو ہونے نہ ہونے کی منزل نما تھا
کوئی کھڑکیوں سے اگر میرے کمرے میں جھانکے
تو اس کو دو آنکھیں ملیں گی
وہ آنکھیں جو کھڑکی کے پیچھے سے منظر بساتی رہی ہیں
دکھاتی رہی ہیں سبھی آنے والوں کو ہر گام رستے
یہاں جو بھی آۓ
اسے بولنے کی اجازت نہیں ہے
کہ ان کھڑکیوں نے سبھی آنے والوں کی باتیں سہی ہیں
یہ اب بولتی ہیں
مگر ان کو سننا ہر اک آنے والے کے بس میں نہیں ہے
کسی رات ان کھڑکیوں کے قریں کوئی روتا رہا تھا
یہ تب سے خفا ہیں
مگر با حیا ہیں
ہر اک رونے والے کے آنسو نہ پونچھیں
مگر پوچھتی ہیں: کسے ڈھونڈتے ہو؟
انہیں جن کو تم نے تھا ہنسنا سکھایا؟
انہیں جن کو واپس بھی آنا نہ آیا؟
عجب آدمی ہو کہ جینا نہ آیا !
یہ سب جانتی ہیں
وہ سب بھی۔۔ جسے میں نے تم سے چھپایا
وہ سچ بھی جسے تم نے گھڑ کر سنایا
وہ سب جو انہی کھڑکیوں سے ٹنگے
سرد لہجوں کے رنگیں غلافوں کے اندر لپیٹا گیا ہے
یہ اب مانتی ہیں
محبت کی کھڑکی کا اپنی طرف کھولنا
سب سے اچھا عمل ہے
حبس بڑھنے لگے
شور جتنا بھی آۓ گا شہرِ عداوت سے، آتا رہے
کوئی جاتا رہے
اس سے پہلے محبت کی اک سانس لو،
کھڑکیاں کھول دو
F a t i m a M e h r u
