کِس نے بِھیگے ہُوے بالوں سے یہ جھٹکا پانی
جُھوم کے آئ گھٹا ٹُوٹ کے برسا پانی
دِل سے لُوکا جو اُٹھا آنکھ سے ٹپکا پانی
آگ سے آج نِکلتے ہُوۓ دیکھا پانی
رو لیا پھُوٹ کے سینے میں جلن اب کیوں ہے
آگ پِگھلا کے نِکالا ہے یہ جلتا پانی
کوئی متوالی گھٹا تھی کہ جوانی کی اُمنگ
جو بہا لے گیا برسات کا پہلا پانی
ٹِکٹِکی باندھے وہ پِھرتے ہیں مَیں اِس فِکر میں ہُوں
کہیں کھانے لگے چکّر نہ یہ گہرا پانی
بات کرنے میں وہ اُن آنکھوں سے امرت ٹپکا
آرزوؔ دیکھتے ہی مُنھ میں بھر آیا پانی۔۔۔!
کلام آرزوؔ لکھنوی
آواز پنکج اداس
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔