پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کِس قدر سادہ لوح . . . . سونپ کر باغ دستِ گلچیں ک…

????کِس قدر سادہ لوح . . . .????

سونپ کر باغ دستِ گلچیں کو
آرزوئے بہار کرتے ہیں
خونِ قلب و جگر کی سرخی کو
صرفِ روئے نگار کرتے ہیں

بخش کر راہزن کو راہبری
محو ہیں انتظارِ منزل میں
جزبۂ رحم و پہلوئے بخشش
ڈھونڈتے ہیں ادائے قاتل میں

ظالموں سے ہیں عدل کے خواہاں
نیکیاں چاہتے ہیں بَد خُو سے
ڈھونڈتے ہیں سراب میں پانی
روشنی مانگتے ہیں جگنو سے

جو درِ غیر پہ ہیں سربہ سجود
ان کو سمجھے ہیں صاحبِ ایماں
جو ہیں رقص وسرور میں مشغول
اُن سے جہد وعمل کے ہیں خواہاں

جو ہمارے کسی طرح نہ ہوئے
اُن کو پائندہ باد کہتے ہیں
موت ارزاں ہوئی ہے جن کے طفیل
ہم انہیں ” زندہ باد ” کہتے ہیں

کِس قدر سادہ لوح ہیں ہم لوگ

محسن بھوپالی

از:-کلیاتِ محسن بھوپالی ص ۳۰/۳۱

انتخاب
سفیدپوش